سفید کارڈ گیرندوں کو راشن کی سربراہی جاری

   

چھ دن میں 76 لاکھ خاندانوں کو 1.43 لاکھ میٹرک ٹن چاول فراہم
حیدرآباد ۔6مئی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے سفید راشن کارڈ کے حامل خاندانوں کو فراہم کئے جانے والے راشن کی سربراہی کا سلسلہ جاری ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے فیصلہ کے مطابق دوسرے ماہ جاری کئے گئے راشن کو 36 لاکھ کارڈ گیرندوں نے حاصل کیا اورمحکمہ سیول سپلائز کی جانب سے فراہم کی گئی اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت نے گذشتہ 6یوم کے دوران 36لاکھ خاندانوں کو 1لاکھ 43ہزار میٹرک ٹن چاول کی سربراہی عمل میں لائی ہے اور حکومت نے گذشتہ ماہ کے دوران ہی اس بات کا اعلان کیا تھا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کے فیصلہ کے ساتھ ریاستی حکومت نے سفید راشن کارڈ گیرندوں کو گذشتہ ماہ کی طرح چاول کے علاوہ 1500 کی فراہمی کے اقدامات کرے گی ۔ حکومت کے اس اعلان کے بعد سے ہی محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے چاول کی فراہمی کے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اور اس ماہ کے دوران شہر یا اضلاع کے کسی بھی علاقہ سے کوئی بدنظمی کی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے بلکہ منظم انداز میں راشن کی دکانات سے یہ چاول تقسیم کئے جارہے ہیں ۔محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے محکمہ تعلیم کے عملہ کی بھی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور کہاجا رہاہے کہ جن علاقو ںمیں سفید راشن کارڈ گیرندوں کی تعداد زیادہ ہے ان علاقو ںمیں محکمہ تعلیم اور محکمہ مال کے عہدیدارو ں کے ذریعہ انہیں اجناس کی اجرائی کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور500 1 کی اجرائی کے لئے حکومت کی جانب سے محکمہ ڈاک اور پوسٹ آفس کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔عہدیدارو ںنے بتایا کہ 74.35 لاکھ سفید راشن کارڈ گیرندو ںکی کھاتوں کی موجودگی اور ان کی تفصیلات کے باعث ان کو راست ان کے کھاتوں میں 1500 روپئے روانہ کردیئے گئے ہیںاور حکومت کی جانب سے ان استفادہ کنندگان میں تاحال 1 ہزار 195 کروڑ روپئے کھاتوں کے ذریعہ منتقل کئے جاچکے ہیں اور 5لاکھ 38ہزاراستفادہ کنندگان کو پوسٹ آفس کے ذریعہ نقد رقومات کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے احکامات کی اجرائی کے بعد محکمہ سیول سپلائز نے ریاست کے کسانوں سے 3ہزار15 میٹرک ٹن اجناس خریدے ہیں اور اس کیلئے 5ہزار 528کروڑ روپئے 54لاکھ سے زیادہ کسانوں کو ادا کئے گئے ہیں۔