سلمان خان کے گھر پر فائرنگ معاملہ ممبئی پولیس کا وزارت داخلہ کو مکتوب

   

ممبئی : بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان ان دنوں مسلسل سرخیوں میں ہیں۔ 14 اپریل کو اداکار کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کے معاملے میں پولیس کی کارروائی جاری ہے۔ اب اس معاملے میں جاری تحقیقات کے درمیان، ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے جمعرات 25 اپریل کو وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا ہے، جس میں اس سے کہا گیا ہے کہ وہ گینگسٹر لارنس کے بھائی انمول بشنوئی کے خلاف لک آؤٹ سرکلر جاری کرے۔ انمول بشنوئی ممبئی پولیس کے ریڈار پر اس وقت آیا جب 14 اپریل کو سلمان کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد انہوں نے فیس بک پر پوسٹ کرکے اس کی ذمہ داری قبول کی۔ قبل ازیں میڈیا نے بتایا تھا کہ ممبئی کرائم برانچ نے اپنی تحقیقات کے دوران گجرات میں تاپی ندی سے دو پستول، تین میگزین اور 13 گولیاں برآمد کی ہیں۔ سلمان کے گھر پر ہونے والے واقعہ کے بعد فائرنگ کی ذمہ داری لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے قبول کی تھی۔انہوں نے اپنے فیس بک پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ظلم کے خلاف واحد فیصلہ جنگ ہے تو یہی ہوگا۔ سلمان خان، ہم نے صرف ٹریلر دکھایا ہے تاکہ آپ ہماری طاقت کو سمجھ سکیں اور اس کا فیصلہ نہ کریں۔ یہ پہلی اور آخری وارننگ ہے۔ اس کے بعد گولیاں صرف گھر پر نہیں چلیں گی۔