سلمان نے ایک بھکارن کی زندگی بدل دی، فلیٹ کا تحفہ

   

ریلوے اسٹیشن کی رانو منڈل راتوں رات بن گئی بالی ووڈ کی مشہور سنگر

راتوں رات زمین سے آسمان کی بلندیوں کو چھونے والی رانو منڈل ہیں جس کی قسمت لتا منگیشکر کے 2 منٹ کے گانے ’’ایک پیار کا نغمہ ہے‘‘ نے بدل دی۔ آج 59 سالہ رانو منڈل کو ملک کے سبھی لوگ جانتے ہیں اس میں ان کی محنت اور قسمت کے علاوہ اتندر چکروتی نامی ایک نوجوان کی محنت کا نتیجہ ہے جس نے اپنے موبائیل پر ان کے گائے گیت کو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر اس کے ویڈیو کو اپ لوڈ کردیا۔ ویڈیو وائرل ہوا تو یہ ان کی زندگی کا نیا موڑ بن گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا کی یہ خبر سلمان خان کو پہنچائی اور انہوں نے ہمیش ریشمیاں سے فوراً اس خاتون کی آواز میں گیت ریکارڈ کرنے کو کہا۔ پھر تو کیا تھا ویسٹ بنگال کے رانا گھاٹ ریلوے اسٹیشن پر گیت گاکر بھیک مانگنے اور اپنا پیٹ بھرنے والی رانو منڈل بالی ووڈ کی اسٹار سنگر بن گئی۔ اب تو رانو کو بڑے بڑے کنسرٹس کے آفرز آنے لگے ہیں۔ خود ہمیش ریشمیاں نے اپنی ایک فلم کے انہیں 6 سے 7 لاکھ روپے دیئے ہیں۔ بتایا تو یہ بھی جارہا ہے کہ وہ سلمان خان کی فلم ’’دبنگ 3‘‘ کے لئے بھی اپنی آواز میں گیت ریکارڈ کرائیں گے اور سلمان نے رانو منڈل کو بگ باس میں بھی مدعو کرنے کی سفارش کی ہے۔ یہی نہیں سلمان خان نے اپنی دریادلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رانو منڈل کو ممبئی میں رہنے کے لئے ایک 55 لاکھ مالیتی فلیٹ بھی تحفہ میں دیا ہے۔

شاید یہ بات بہت ہی کم لوگوں کو معلوم ہو لیکن ہم یہاں اپنے قارئین کو رانومنڈل کی زندگی کا خلاصہ کرتے چلیں ان کی زندگی کی کہانی دردبھری ہے۔ رانو منڈل کی پیدائش ویسٹ بنگال کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں ہوئی۔ غربت کی وجہ سے ان کی پڑھائی بھی ٹھیک طریقہ سے نہیں ہو پائی۔ بچپن سے ہی رانو کو گانے کا شوق تھا لیکن انہیں یہ شوق پورا کرنے کا کبھی موقع نہیں ملا۔ گھر والوں نے جلد ہی ان کی شادی ممبئی کے ایک لڑکے سے کردی اس کے بعد رانو کو کولکتہ چھوڑ کر ممبئی میں بس جانا پڑا۔ ممبئی میں ان کے شوہر ایکٹر ڈائرکٹر فیروز خان کے گھر کام کیا کرتے تھے۔ اس دوران رانو منڈل نے بھی فیروز خان کے ہاں کام کیا۔ فیروز خان نے بھی رانو منڈل کی سریلی آواز کو سناتھا لیکن اس وقت رانو منڈل کی آواز کو پہچان نہیں مل پائی۔ شوہر کے انتقال کے بعد رانو منڈل کو واپس کولکتہ لوٹنا پڑا جس کے بعد انہیں زندگی گذارانی مشکل ہوگئی۔ ان کی طلاق شدہ بیٹی ساتھی رائے جنہیں ایک بیٹا بھی ہے نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ ایسے میں وہ اپنا پیٹ بھرنے کے لئے اسٹیشن پر گیت گاکر پیسے مانگنے لگیں۔ ایک طویل وقت مفلسی کی زندگی گذارنے کے بعد رانو منڈل کو آج اچانک شہرت کی وہ بلندی مل گئی جہاں تک پہچنے کے لئے لوگوں کو جدوجہد کی ایک عمر لگادینی پڑتی ہے۔