سماجی جہدکار کورونا وائرس سے متاثر نہیں، منفی رپورٹ برآمد

   

حیدرآباد 3مارچ (یو این آئی)سرکردہ سماجی جہد کار سنیتا کرشنن جن کو کروناوائرس کی مشتبہ علامات پر شہر حیدرآباد کے گاندھی اسپتال کے الگ تھلک وارڈ میں داخل کروایاگیا تھا،کی طبی رپورٹس منفی پائی گئیں۔مس کرشنن جو بنکاک سے واپسی کے بعد ہلکی کھانسی کی علامت کے ساتھ گاندھی اسپتال سے رجوع ہوئی تھیں،کے نمونے منگل کو منفی پائے گئے ۔اپنے ٹوئیٹ میں انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس کے نتائج ابھی آئے ہیں جو منفی ہیں،اس سے ان کو راحت ملی ہے ۔انہوں نے ان کی بہتر صحت کے لئے نیک تمناوں کااظہار کرنے والے ان کے تمام دوستوں اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ پیر کو تلنگانہ میں کرونا وائرس کے پہلے معاملہ کا پتہ چلا تھا کیونکہ ایک سافٹ ویر انجینئر جو حال ہی میں دبئی سے شہر واپس ہوا تھا میں کرونا وائرس کی علامات مثبت پائی گئی تھیں۔