چینائی : شمالی ٹاملناڈو اور پڈوچیری کے ساحلوں کے درمیان سے گزرنے والا سمندری طوفان فینگل گہرے دباؤ میں تبدیل ہونے کے بعد مستحکم رہا اور اس کے بتدریج مزید کمزور پڑنے کی امید ہے ۔ محکمہ موسمیات نے چینائی اور پڑوسی اضلاع میں کم از کم دو دن بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔محکمہ نے کہا کہ شمالی ساحلی ٹاملناڈو اور پڈوچیری پر طوفان فینگل گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گہرے دباو والے علاقہ میں کمزور پڑ گیا ۔آج 1130 بجے طوفان کا مرکز پڈوچیری کے قریب اسی علاقے میں تھا، جو کڈالور سے تقریباً 30 کلومیٹر شمال میں، ولوپورم سے 40 کلومیٹر مشرق میں اور چنئی سے 120 کلومیٹر جنوب ۔ جنوب مغرب میں مرکوز تھا اور اس دوران اس کی رفتار اور شدت کا پہلے سے اندازہ لگاتے ہوئے اگلے چھ گھنٹوں کے دوران یہ بہت آہستہ مغرب کی طرف بڑھے گا اور کمزور ہوکر ٹاملناڈو اور پڈوچیری کے شمالی ساحلی علاقوں میں دباؤ میں تبدیل ہو جائے گا۔ 3 ڈسمبر تک اوسط سے شدید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ، محکمہ نے کہا کہ ولوپورم، کالاکوروچی، کڈالور اضلاع اور پڈوچیری میں ایک یا دو مقامات پرہلکی سے زیادہ بارش کا امکان ہے ۔ یہاں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چنگلپٹو، کانچی پورم، ترووناملائی، دھرم پوری، سیلم، پیرمبلور، آریالور، تنجاور، تروورور، مائیلادوتھورائی، ناگاپٹنم اضلاع اور کرائیکل خطہ میں کچھ مقامات پر بھاری سے بہت زیادہ بارش کا امکان ہے ۔
حکومت کی چوکسی سے سیلاب نہیں آیا ۔اسٹالن
چینائی : چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے چینائی اور پڑوسی اضلاع میں شدید بارشوں کے درمیان کہا کہ طوفان فینگل کے پیش نظر حکومت کے مناسب انتظامات نے نہ صرف شہر کو بچایا بلکہ سیلاب نہیں آیا۔اسٹالن نے شہر میں ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنے حلقہ کولاتھور کا دورہ کرنے کے بعد طوفان سے متاثرہ اضلاع کے کلکٹروں اور صحافیوں سے بات کی اور امدادی کاموں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور مضافات میں بارش ہوئی اور یہ غیر متوقع تھا کیونکہ شمالی ولوپورم میں 50 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو چینائی میں 11 سینٹی میٹر بارش ہوئی ۔ شہر نہ صرف طوفان کے قہر سے محفوظ رہا بلکہ حکومت کے احتیاطی اقدامات کی وجہ سے کوئی بڑا سیلاب نہیں آیا۔