سنجے لیلا بھنسالی 61 سال کے ہوگئے

   

ممبئی : معروف بالی ووڈ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی آج 61 برس کے ہو گئے ۔ 24 فروری 1963 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے سنجے لیلا بھنسالی نے اپنے کیریئر کا آغاز ودو ونود چوپڑا کے اسسٹنٹ کے طور پر کیا۔ بھنسالی نے ودو ونود چوپڑا کی فلموں پرندہ، 1942 اے لو اسٹوری اور قریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا۔ بطور آزاد ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے اپنے کیرئر کا آغاز 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم خاموشی سے کیا۔ اس فلم میں نانا پاٹیکر، سلمان خان اور منیشا کوئرالہ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے ۔ اگرچہ یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر کچھ خاص نہیں کر سکی لیکن سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی بہترین ڈائریکشن سے شائقین کے ساتھ ساتھ ناقدین کا بھی دل جیت لیا۔ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوت سال 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ فلم باکس آفس پر سوپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد بھنسالی نے سال 2022 میں عالیہ بھٹ کے ساتھ سوپرہٹ فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی بنائی۔