سندیش کھالی میں سی بی آئی کے چھاپے، غیر ملکی ہتھیار برآمد

   

؎کولکاتا : ترنمول کانگریس کے معطل لیڈر شاہجہاں شیخ کے گھر پر چھاپہ کے دوران کے ای ڈی کی ٹیم پر حملے کی جانچ کررہی سی بی آئی نے جمعہ کو مغربی بنگال کے سندیش کھالی میں متعدد مقامات پر تلاشی لی ۔اس دوران غیر ملکی ساختہ پستول سمیت اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کیا گیا ہے ۔سی بی آئی کے مطابق سندیش کھالی میں ای ڈی کی ٹیم پرحملے کیلئے بھیڑ کو اکسایا گیا تھا اور اس معاملے میں شاہجہاں شیخ کا کلیدی رول تھا۔سی بی آئی کو اپنی جانچ کے دوران سندیش کھالی میں چھپائے گئے ہتھیاروں کے ایک بڑے ذخیرے کی معلومات ملی۔ جمعہ کی صبح سی بی آئی کی ایک ٹیم نے تلاشی مہم شروع کی جس کے دوران غیر ملکی ساختہ پستول سمیت اسلحہ ضبط کیا گیا۔کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم پر مرکزی ایجنسی نے 5 جنوری کو واقعات سے متعلق تین ایف آئی آر درج کی ہیں ۔شاہجہان شیخ کو مغربی بنگال پولیس نے 29 فروری کو حملے کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔تقریباً 1000لوگوں کے ہجوم کے حملے کے بعد جس میں ای ڈی کے تین اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔