ابتدائی تخمینہ کے مطابق 5438 کروڑ کے نقصانات، 332 ہیکٹر اراضی پر محیط جنگلات کو نقصان
حیدرآباد۔/11 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے بارش اور سیلاب کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے حیدرآباد پہونچنے والی مرکزی ٹیم کو تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے نقصانات پر مشتمل رپورٹ پیش کی۔ کرنل کے پی سنگھ کی زیر قیادت 6 ارکان پر مشتمل مرکزی ٹیم ریاست کے دورے پر پہونچی۔ چیف سکریٹری نے سنٹرل ٹیم کو بتایا کہ ریاستی حکومت کے فوری اقدامات اور حکام کے متحرک ہونے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی نقصانات کو گھٹایا گیا ہے۔ چیف منسٹر، ڈپٹی چیف منسٹر اور وزراء نے حالات پر مکمل نظر رکھی۔ بارش اور سیلاب سے متاثرہ عوام کو راحت کاری کے کیمپس میں منتقل کیا گیا۔ راحت کاری کے اقدامات میں تیزی پیدا کرنے کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر کے بشمول دو وزراء فوری کھمم پہنچ گئے اور وہیں کیمپ کرتے ہوئے راحت کاری کے کاموں کی نگرانی کی۔ دیگر اضلاع میں حکام نے سیلاب کے متاثرین کو راحت فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کیا۔ چیف سکریٹری نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت کاری کے اقدامات کرنے کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کی مرکزی ٹیم سے اپیل کی اور ساتھ میں یہ بھی بتایا کہ ایٹورناگارم کے جنگلاتی علاقوں میں 332 ہیکٹر اراضی پر محیط جھاڑوں کو نقصان پہونچنے پر بھی روشنی ڈالی، اس کا مطالعہ کرنے کی سنٹرل ٹیم سے اپیل کی۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ بارش اور سیلاب کے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں 5438 کروڑ روپئے کے نقصانات ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔2