سنکرانتی تہوار۔حیدرآباد کی سڑکوں پر ٹریفک کم ہوگئی

   

حیدرآباد15جنوری(یواین آئی)دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے اہم سنکرانتی تہوار کو اپنوں کے ساتھ منانے تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے عوام کی بڑی تعداد ریاست کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے اپنے آبائی مقامات پر روانہ ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں حیدرآباد کی سڑکوں پر ٹریفک کم دیکھی جارہی ہے ۔عام دنوں میں عموما سڑکوں پر گاڑیوں کی بڑی تعداد ہوتی ہے جس سے لوگوں کو اپنی منزل کی طرف جانے میں کافی دشواریوں اور ٹریفک مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے لیکن سنکرانتی کے موقع پر سڑکوں پر ٹریفک کافی کم ہوگئی ہے اور ٹریفک کے مسائل بھی پیدا نہیں ہورہے ہیں۔کئی افراد نے اس طرح کی صورتحال کو خوش آئند قراردیا ہے ۔کئی افراد نے کہا کہ ان کو گھروں کو جانے کے لئے تقریبا ایک گھنٹہ قبل ازیں درکار تھا تاہم اب صورتحال یہ ہے کہ وہ تقریبا نصف گھنٹہ میں ہی گھر پہنچ پارہے ہیں۔