سنگارینی کالریز ملازمین کو منافع کا 30 فیصد دسہرہ الاؤنس کا فیصلہ: کے سی آر

   

368 کروڑ کی فی الفور تقسیم کیلئے حکام کو ہدایت، جاریہ سال کمپنی کو1226 کروڑ کا منافع

حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سنگارینی کالریز کے ملازمین کو سال 2021-22 کے دوران کمپنی کے حاصل شدہ منافع کا 30 فیصد بطور دسہرہ گفٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر پرنسپل سکریٹری چیف منسٹر دفتر نرسنگ راؤ نے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز کو دسہرہ تہوار سے قبل ملازمین کو خصوصی بونس جاری کرنے کا مشورہ دیا اور اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے۔ چیف منسٹر کے فیصلہ کے مطابق سنگارینی کالریز 368 کروڑ روپئے کی مجموعی رقم اپنے ملازمین میں بطور دسہرہ بونس تقسیم کرے گا۔ اسی دوران سنگارینی کالریز کے ملازمین نے چیف منسٹر کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 2021-22 میں سنگارینی کالریز کا مکمل کاروبار 26607 کروڑ روپئے رہا اور کمپنی کو 1227 کروڑ کا فائدہ ہوا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں کمپنی نے 70 ملین ٹن کے نشانہ کی تکمیل کی ہے۔ ملک کے سرکاری اداروں میں سنگارینی کالریز کی کارکردگی غیر معمولی رہی۔ 2021-22 میں سنگارینی کالریز نے ریکارڈ مقدار میں 650 لاکھ ٹن کوئلہ کی کانکنی کی ہے اور 655 لاکھ ٹن برآمدات ہیں۔ سنگارینی تھرمل برقی اسٹیشن کے ذریعہ 88.08 ملین یونٹ برقی گرڈ کو سربراہ کی گئی۔ جاریہ سال 70 ملین ٹن پیداوار کے نشانہ کی تکمیل میں عہدیداروں اور ملازمین نے اہم رول ادا کیا ہے۔ 2013-14 میں 504 لاکھ ٹن کوئلہ کی پیداوار ہوئی تھی جبکہ 2021-22 میں 29 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 2013-14 میں کمپنی کو 11928 کروڑ کی آمدنی ہوئی تھی جبکہ 2021-22 میں یہ بڑھ کر 26607 کروڑ ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سنگارینی کالریز کے استحکام کیلئے کئی اقدامات کئے جن میں ملازمین کی بھلائی کے امور شامل ہیں۔ حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ 2022-23 میں سنگارینی کالریز درکار نشانہ کی تکمیل کرے گی۔ر