سنگارینی کالریز میں نرس کے عہدوں کیلئے خواتین کی شرط

   


ہائی کورٹ میں چیلنج ، مرد درخواست گزاروں کے حق میں فیصلہ
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے سنگارینی کالریز میں نرس کے عہدوں کیلئے صرف خواتین کو درخواست دینے کی شرط پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ اہل مرد امیدواروں سے درخواستیں قبول کریں۔ جسٹس پی نوین راؤ نے یہ فیصلہ سنایا۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر اسٹاف نرس کے عہدوں پر جاریہ تقررات میں مرد درخواست گزاروں کو بھی موقع دیا جانا چاہئے ۔ سنگارینی کالریز کمپنی لمٹیڈ کے ورکر محمد فصیح الدین کی درخواست پر یہ فیصلہ دیا گیا۔ درخواست گزار نے 22 جنوری کو تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی کے بعد درخواست داخل کی تھی ۔ کمپنی نے یہ کہتے ہوئے درخواست کو مسترد کردیا کہ اس عہدہ کیلئے خاتون امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت میں شکایت کی ہے کہ دستور کے مطابق مرد اور عورت کے درمیان امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جاسکتا۔ سنگارینی کالریز کمپنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اگرچہ یہ کوئی پالیسی نہیں ہے بلکہ طویل عرصہ سے چل رہی روایت کا حصہ ہے۔ عدالت نے مرد امیدواروں کی درخواستوں کو قبول کرنے کی ہدایت دی۔