ملک و بیرون ملک کے ممتاز و مشہور شعراء مدعو، خصوصی انتظامات، حضرت حکیم عمر کا بیان
سنگاریڈی ۔ 13 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضرت حکیم عمر بن احمد حبیب فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی چشتی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی چاوش باغ سنگاریڈی کے بموجب حضرت الحاج حبیب احمد بن عمر حبیب عرفان علی شاہ بندہ نوازی چشتی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے 20 ویں عرس شریف کی دو روزہ تقاریب 14 اور 15 نومبر کو احاطہ درگاہ شریف واقع چاؤش باغ سنگاریڈی میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوگی۔ 18 ربیع الثانی مطابق 14 نومبر بروز پیر بعد نماز عصر جامع مسجد سنگاریڈی سے جلوس صندل برآمد ہوگا اور 8 بجے شب صندل مالی پیش کیا جائیگا۔ 9 بجے شب دسواں عرفانی کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں جوہر کانپوری ، ضیا ٹونکی (راجستھان)، حامد بھوساولی ، احمد ایاز ( جھانسی)، مشتاق احمد مشتاقؔ ( مالیگاؤں)، محمد صابر بسمت نگری ( مہاراشٹرا)، یوسف رحیم میر بیدری (کرناٹک) شیخ احمد ضیاؔ (بودھن)، ڈاکٹر رضی شطاری( نظام آباد)، شکیل ظہیرآبادی، فیاض علی سکندر ( سداسیو پیٹ) اور سعد اللہ سبیل (ظہیرآباد) شرکت کرتے ہوے اپنا کلام پیش کریں گے۔ مشاعرہ کی نظامت ارشد انجم پونا مہاراشٹرا انجام یں گے۔ مشاعرہ کے کنوینیر عبدالرازق قریشی سابق کارپوریٹر ناندیڑ اور معاون کنوینیر محمد شبیر ہاشمی سنگاریڈی ہیں۔ سردی کے پیش نظر مشاعرہ کے لیے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ مشاعرہ میں محبان اردو ادب سے شرکت کی خواہش کی گئی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو عرفانی ایوارڈس پیش کئے جائیں گے۔ گزشتہ 8 سال سے یہ ایوارڈ دیئے جا رہے ہیں۔ 15 نومیر بروز منگل بعد نماز مغرب چراغاں اور بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی جس میں معروف قوال کلام پیش کریں گے۔ دو روزہ عرس شریف تقاریب میں تلنگانہ، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش سے مریدین اور معتقدین کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے چنانچہ جناب شیخ شکیل احمد عرفانی صدر عرس کمیٹی کی نگرانی میں عرس کمیٹی ذمہ داران و اراکین اور مریدین بہتر انتظامات اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سعی کر رہے ہیں۔ انھوں نے عوام سے دو روزہ عرس شریف تقاریب میں شرکت کی خواہش کی۔