سنگاریڈی 3 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع سنگاریڈی میں اتوار کے روز منعقد ہونے والا NEET (UG)-2026 کا امتحان مکمل طور پر پرامن اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوا۔ پانڈو ایڈیشنل کلکٹر نے امتحانی عمل کی نگرانی کرتے ہوئے متعدد مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ضلع پریشد گرلز ہائی اسکول (پوتی ریڈی پلی)، ضلع پریشد ہائی اسکول اسناپور، تارا ڈگری کالج، ٹی ایس ایس ڈبلیو آر ایس اسکول اور ایدو میلارم میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔ اس دوران امیدواروں کے لیے فراہم کردہ سہولیات، سیکیورٹی انتظامات اور امتحانی طریقہ کار کو تسلی بخش قرار دیا عہدے داروں کے مطابق ضلع میں رجسٹرڈ 2,772 امیدواروں میں سے 2,704 نے امتحان میں شرکت کی، جبکہ 68 امیدوار غیر حاضر رہے۔ تمام مراکز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مختلف محکموں نے باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے امتحان کو بخوبی انجام تک پہنچایا۔اس موقع پر ضلع کوآرڈینیٹر بھارتی دیوی بھی ایڈیشنل کلکٹر کے ہمراہ موجود تھیں۔ انتظامیہ نے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملے کی کاوشوں کو سراہا۔