22.5 تولہ سونا، 60 تولہ چاندی اور 25 ہزار روپے نقد برآمد : ایس پی کی پریس کانفرنس
سنگاریڈی۔ 7 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی ضلع کی سی سی ایس پولیس اور گمڈیڈلا پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 106 مقدمات میں ملوث ایک عادی سارق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 22.5 تولہ سونے کے زیورات، 60 تولہ چاندی کے زیورات اور 25 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے ہیں۔ ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد عدالتی تحویل (جوڈیشل ریمانڈ) میں بھیج دیا گیا۔ پریس کانفرنس ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پریتوش پنکج نے بتایا کہ گرفتار ملزم کوٹاپلی چندری عرف شیکھر ایک پیشہ ور چور ہے، جو 80 پرانے اور 26 نئے مقدمات سمیت مجموعی طور پر 106 مقدمات میں مطلوب تھا۔ سی سی ایس سنگاریڈی اور گمڈیڈلا پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران بونتھاپلی گاؤں کے کمان کے قریب ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ ایس پی نے بتایا کہ ملزم کے خلاف حیدرآباد، سنگاریڈی، نلگنڈہ، محبوب نگر اور رنگا ریڈی اضلاع کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ ان میں 80 پرانے مقدمات شامل ہیں، جبکہ ایک پوکسو (POCSO) ایکٹ کا مقدمہ بھی میڑچل پولیس اسٹیشن میں درج ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ چند ماہ کے دوران 26 نئے مقدمات بھی درج کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ملزم اب تک 19 مرتبہ عدالتی تحویل میں جا چکا ہے اور متعدد بار ضمانت پر رہا بھی ہوا۔ 25 سے زائد مقدمات میں سزا کاٹنے کے باوجود اس نے اپنی مجرمانہ سرگرمیاں ترک نہیں کیں اور مسلسل چوری کی وارداتیں انجام دیتا رہا۔ایس پی پریتوش پنکج نے اس کامیاب کارروائی پر سی سی ایس انسپکٹر وی شیوکمار، سی سی ایس انسپکٹر چی پرسادراؤ، جنارم سرکل انسپکٹر پی رمنا ریڈی، سی سی ایس سب انسپکٹر کے سریکانت، گمڈیڈلا سب انسپکٹر کے ارون کمار اور دیگر پولیس کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پٹن چیرو کے ایس ڈی پی او پربھاکر کی نگرانی میں سی سی ایس سنگاریڈی اور گمڈیڈلا پولیس نے باہمی تعاون سے یہ نمایاں کامیابی حاصل کی۔