سنہرے آندھرا پردیش کیلئے حکومت کے اقدامات : گورنر جسٹس عبدالنذیر

   

وجئے واڑہ میں یوم جمہوریہ تقاریب، چندرا بابو نائیڈو نے قیامگاہ پر پرچم لہرایا

حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) یوم جمہوریہ کے موقع پر آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر تقاریب کا وجئے واڑہ میں انعقاد عمل میں آیا۔ گورنر جسٹس عبدالنذیر نے وجئے واڑہ کے اندرا گاندھی میونسپل گراؤنڈ میں قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔ تقریب میں چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو، ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان، چیف منسٹر کی اہلیہ بھونیشوری، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش، ریاستی وزراء، پولیس اور سیول کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ گورنر عبدالنذیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کی توقعات کی تکمیل کیلئے بھلائی اور ترقی کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی حکومت کی ترجیحات ہیں۔ گورنر عبدالنذیر نے کہا کہ ریاست کی مخلوط حکومت آندھرا پردیش کو تمام شعبہ جات میں سرفہرست دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے بھاری قرض حاصل کرتے ہوئے ریاست کی معاشی صورتحال کو کمزور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کیلئے مرکزی حکومت سے خصوصی پیاکیج کے حصول کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سورنا آندھرا ویژن کی تکمیل کیلئے حکومت پیش رفت کررہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبہ جات حکومت کی ترجیح ہیں اور 10 نکاتی فارمولہ پر عمل کیا جارہا ہے۔ گورنر نے حکومت کی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ آندھرا پردیش جلد ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا۔ قبل ازیں چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اپنی قیامگاہ پر قومی پرچم لہرایا اور مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا۔1