زیورچ:15 نومبر ( یو این آئی) سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں سینکڑوں مردوں نے خواتین کے خلاف تشدد اور نفرت انگیز رویوں کے خاتمہ کے لیے مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ مرد بھی اس مسئلے کے خلاف زیادہ مؤثر اور کھل کر آواز اٹھائیں۔امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس ہفتہ کو پارلیمنٹ کے باہر ہونے والے اس مظاہرے کا مقصد معاشرے میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تعصب اور آن لائن نفرت انگیز رویوں کی روک تھام کے لیے مردوں کی ذمہ داری کو اجاگر کرنا تھا۔مظاہرین کو خاص طور پر اس بات پر تشویش ہے کہ نوجوان لڑکوں اور مردوں میں سوشل میڈیا کے ذریعے خواتین کے خلاف نفرت انگیز خیالات فروغ پا رہے ہیں۔زیورخ یونیورسٹی اور مردوں و والدین کی تنظیموں کے اتحاد ’مین کیئر‘ کے جون میں جاری کردہ ایک سروے میں مردانگی کے بارے میں سخت گیر اور بالادستی پر مبنی تصورات کی بھی نشاندہی کی گئی۔سوئٹزرلینڈ کے وزیر انصاف بیٹ جانز نے بھی اس معاملے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہونے والے پرتشدد جرائم کا تقریباً 80 فیصد مردوں کے ہاتھوں ہوتا ہے، جبکہ ریپ کے واقعات میں یہ شرح 99 فیصد تک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف تشدد کا آغاز ہمیشہ جسمانی حملے سے نہیں ہوتا بلکہ اکثر اس کی ابتدا توہین آمیز جملوں اور رویوں سے ہوتی ہے۔مظاہرے کے شریک منتظم اور سماجی کارکن کرسٹوف گوستیلی نے کہا کہ مرد بھی خواتین کے خلاف تشدد کے مسئلے کا حصہ ہیں۔
ان کے بقول، مردوں کو اب کھل کر یہ کہنا ہوگا کہ وہ اس مسئلے کا حصہ نہیں رہنا چاہتے بلکہ اس کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔