سوریا پیٹ کے متعدد علاقوں میں وزیر برقی کے ہاتھوں سبزی منڈی کا افتتاح

   

سوریاپیٹ:10/مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ ضلع سوریاپیٹ دو دن میں ریڈ زون سے اورینج زون میں داخل ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گزشتہ کی طرح کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کرونا سے چوکس رہیں۔ ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے عوام کی سہولیات کے لیے ضلع سوریاپیٹ کے متعدد علاقوں میں سبزی منڈی کا آغازکیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سوریاپیٹ میں گزشتہ 19دنوں سے ایک بھی کورونا مثبت کیس درج نہیں ہوا ہے۔ عوام اور حکام کے باہمی تعاون سے کرونا کی روک تھام ممکن ہوئی ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 83کورونا مثبت کیس کے منجملہ 57افراد کو مکمل صحت یابی سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ لاک ڈاؤن کے قواعد و ضوابط پر عمل آوری کریں اور مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کرونا بیماری سے محفوظ رہیں۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ بی لنگیا یادو، لائبریری چیرمین این سرینواس گوڑ، بلدیہ صدر نشین انا پورنا اور دیگر شامل تھے۔