سوریہ ونشی : 11 گیندوں میں 50 اور 29 میں 94 رنز

   

l ونڈے کرکٹ ٹرائی سیریز فائنل میں سری لنکا A کو
66 رنز سے شکست l تلک ورما کے انڈیا A نے ٹائٹل جیتا

ڈامبولا، 21 جون (ایجنسیز)اوپنر ویبھو سوریہ ونشی کی دھماکو بلے بازی (29 گیندوں میں 94 رنز) کی مدد سے انڈیا اے نے آج سری لنکا اے کو فائنل میں 66 رنز سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز جیت لی۔ 15 سالہ ویبھو کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ چند ماہ قبل آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی ویبھو نے انگلینڈ کے خلاف 175 رنز کی طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے انڈیا کو ٹائٹل جیتنے میں مدد کی تھی۔ ٹاس میزبان کپتان سہان آراچھیگے نے جیتا لیکن ویبھو نے اُن کا پہلے فیلڈنگ کرنے کا
فیصلہ غلط ثابت کرتے ہوئے سری لنکا اے بولنگ کے پرخچے اُڑا دیئے۔ ویبھو نے اپنی ابتدائی پانچ گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے اور محض 11 گیندوں پر لسٹ اے کرکٹ کی تیزترین نصف سنچری (50 رنز، 5 چوکے، 5 چھکے) بناکر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔ ویبھو جب 8.5 اوورس پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 132/1 ہوا۔ ویبھو نے 10 چوکے اور 8 چھکے لگائے۔ انڈیا اے کیلئے کپتان تلک ورما (67) کے علاوہ روتوراج گائیکواڈ (40) ، پرینش آریہ (39) اور انوکول رائے (39)کی شاندار بیٹنگ کی مدد سے انڈیا اے نے 377/9 کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کر دیا۔ سری لنکا اے کیلئے 378 کا ٹارگٹ ہرگز آسان نہ تھا مگر بڑی دیر تک میزبان ٹیم نے ہندوستانی گیندبازوں کے خلاف اچھی کوشش کی ۔ 25.1 اوورس پر جب سہان 38 رنز بناکر حریف کپتان تلک ورما (1/11) کا شکار بن گئے تو سری لنکا اے کا اسکور 177/6 ہوا۔ دیگر میزبان بیاٹرس نے بھی اچھی جدوجہد کی۔ آخرکار سری لنکا اے 47.1 اوورس میں 311 پر آل آؤٹ ہوا۔ سدیرا سمراوکرما (52) اور ونوجا سہان (62) نے ہاف سنچریاں اسکور کئے۔ اسٹرائک بولر یش ٹھاکر اور اسپنر وپراج نگم نے 3، 3 وکٹ لئے جبکہ اسپنر انوکل رائے نے 2 اور پیس بولر اشوک شرما نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔