ایس کے جوشی، سبکدوشی کے بعد مشیر محکمہ آبپاشی مقرر
حیدرآباد۔31ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے 1989 بیاچ سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس عہدیدار سومیش کمار کو چیف سیکریٹری تلنگانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور آج وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے چیف سیکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی کو مشیر برائے محکمہ آبپاشی تلنگانہ کے عہدہ پر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سومیش کماریکم جنوری 2020کو اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ ایس کے جوشی سے حاصل کریں گے۔ایس کے جوشی کی میعاد 31ڈسمبر 2023 تک ہوگی۔ جوشی سابق میں کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ فی الحال اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ مال‘کمرشیل ٹیکس اور محکمہ اکسائز کی ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے تھے۔ سومیش کمار جن کا تعلق ریاست بہار سے ہے وہ اپنی سروس کا بیشتر حصہ ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں گذار چکے ہیں۔ حکومت تلنگانہ نے اس سلسلہ میں احکام جاری کردیئے ہیں اور چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں احکامات پر دستخط کردیئے ہیں ۔ موجودہ چیف سیکریٹری ایس کے جوشی کو مشیر برائے ریاستی حکومت محکمہ آبپاشی کے عہدہ پر نامزد کئے جانے کے احکامات بھی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جاری کردیئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ڈاکٹر ایس کے جوشی مختصر مدت کی رخصت کے بعد عنقریب اپنی ذمہ داریوں کا جائزہ لیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سومیش کمار کو چیف سیکریٹری بنائے جانے کے فیصلہ کے بعد ریاست میں خدمات انجام دینے والے بیشتر آئی اے ایس عہدیداروں نے انہیں مبارکباد پیش کی ۔ حکومت نے سومیش کمار کے وظیفہ حسن پر سبکدوش ہونے کے لئے موجود مدت کو نظر میں رکھتے ہوئے ان کو چیف سیکریٹری بنائے جانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ سومیش کمار کو شہری ترقیات کے علاوہ دیہی ترقیات ‘ قبائیلی بہبود کے علاوہ محکمہ مال میں خدمات کی انجام دہی کا وسیع تجربہ موجود ہے۔