سونا بیچنے کی رپورٹوں کی آر بی آئی نے تردیدکردی

   

ممبئی، 3 جون (یو این آئی) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے غیر ملکی میڈیا میں آنے والی ان رپورٹوں کی سخت تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مرکزی بینک نے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر (فاریکس ریزرو) میں کمی کو روکنے کیلئے بھاری مقدار میں سونا بیچا ہے ۔ مرکزی بینک نے چہارشنبہ کے روز ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یہ رپورٹیں ’’درست نہیں ہیں‘‘۔ بینک نے واضح کیا کہ وہ ہر ماہ اپنے پاس موجود فزیکل گولڈ کے اعداد و شمار جاری کرتا ہے ۔پریس ریلیز میں وضاحت کی گئی ہے کہ مئی میں جاری ہونے والی آخری رپورٹ اس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے ، اور اس کا لنک بھی شیئر کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی یہ بھی صاف کیا گیا ہے کہ آج کی تاریخ میں بھی سونے کے ذخائر 880.52 ٹن پر برقرار ہیں، جتنے مئی میں جاری کردہ اپریل کے مہینے کی رپورٹ میں تھے ۔ مئی میں جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 3 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں مرکزی بینک کے سونے کے ذخائر میں 180 کلوگرام کا اضافہ ہوا تھا، جس سے یہ مارچ کے 880.34 ٹن سے بڑھ کر 880.52 ٹن پر پہنچ گیا تھا۔