سونے کی اسمگلنگ کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

حیدرآباد : یکم / مارچ (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم راجندر نگر زون نے سونے کی اسمگلنگ کرنے والی ایک تین رکنی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس سائبر آباد کے مطابق 37 سالہ معز پاشاہ ساکن قادری چمن فلک نما ، 31 سالہ سمیر خان ساکن روشن کالونی وٹے پلی اور 41 سالہ ارشد ساکن رین بازار کو گرفتار کرلیا ۔ معز پاشاہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ بتایا گیا ہے جبکہ سمیر خان سونا سپلائی کرتا تھا اور ارشد جو جویلری شاپ کا مالک ہے سونا خریدا کرتا تھا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 6 سونے کے بسکٹ کل 700 گرام سونا ، 13 پاسپورٹ اور دو سونے کے رسید کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ معز پاشاہ پیشہ سے ٹراویل ایجنٹ کا کام کرتا ہے جو مقامی شہریوں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں ٹورسٹ ویزا فراہم کرتا ہے ۔ ٹورسٹ ویزا پر دبئی روانہ کرتے ہوئے ان کے ذریعہ سونے کی اسمگلنگ کی جارہی تھی ۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل آپریشن ٹیم راجندر نگر زون نے اس ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا ۔ ع