سوویندو ادھیکاری نے چیف منسٹر مغربی بنگال کی حیثیت سے حلف لیا

   

تقریب میں وزیر اعظم کی بھی شرکت ۔ پانچ ارکان اسمبلی کی بحیثیت وزیر حلف برداری
کولکتہ 9 مئی ( ایجنسیز ) مغربی بنگال میں آج بی جے پی لیڈر سوویندو ادھیکاری نے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لے لیا ۔ ریاست میں بی جے پی کی پہلی حکومت تشکیل پائی ہے اور تقریب حلف برداری کولکاتہ کے بریگیڈ پریڈ گراونڈ میں منعقد ہوئی جس میں خود وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی شرکت کی ۔ اس کے علاوہ مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ ‘ جے پی نڈا اور دھرمیندر پردھان کے علاوہ کچھ بی جے پی چیف منسٹروں مانک ساہا ‘ ہیمنتا بسوا سرما ‘ ریکھا گپتا ‘ یوگی آدتیہ ناتھ ‘ مدن لال شرما ‘ موہن یادو اور پشکر سنگھ دھامی نے بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کی ۔ گورنر مغربی بنگال مسٹر آر این روی نے مسٹر ادھیکاری اور دوسروں کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا ۔ سوویندو ادھیکاری کو کل ہی بی جے پی مقننہ پارٹی کی لیڈر منتخب کرلیا گیا تھا ۔ سوویندو ادھیکاری مغربی بنگال کے نویں چیف منسٹر بنے ہیں۔ اس طرح ریاست میں ترنمول کانگریس کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ ہوگیا ۔ سوویندو ادھیکاری کے ساتھ پانچ ارکان اسمبلی کو بھی بحیثیت وزیر حلف دلایا گیا ہے تاہم ابھی قلمدانوں کی تقسیم عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ مکمل کابینہ کی تشکیل کے بعد قلمدانوں کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ جن پانچ وزراء کو حلف دلایا گیا ان میں مسٹر دلیپ گھوش ‘ شریمتی اگنی مترا پال ‘ اشوک کیرتانا ‘ شودی رام ٹوڈو ‘ اور نسیتھ پرامنک شامل ہیں ۔