خرطوم ؍ واشنگٹن : امریکہ نے سوڈانی مسلح افواج کے سربراہ پر کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے بجائے جنگ کا انتخاب کرنے کا الزام لگایا ہے۔ واشنگٹن نے یہ پابندیاں سوڈانی باغی رہنما کے خلاف اسی طرح کی کارروائی کے ایک ہفتہ بعد لگائی گئی ہیں۔ امریکہ نے جمعرات کو سوڈانی مسلح افواج کے سربراہ عبدالفتاح البرہان کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا۔ سوڈان کے آرمی چیف پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد روکنے اور اسکولوں، بازاروں اور ہسپتالوں پر حملے کرنے اور اس تنازعہ کو پیدا کرنے کا الزام تھا، جس نے دنیا میں نقل مکانی کا سب سے بڑا بحران پیدا کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ برہان نے “جنگ کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی امن مذاکرات میں حصہ لینے سے انکار کر دیا، اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کرنے کی کوشش کے بجائے جنگ کا انتخاب کیا ہے۔