سویاتیک اور انس کے درمیان آج یو ایس اوپن فائنل

   

نیویارک۔ پولینڈ کی ایگا سویاتیک اور تیونیشیا کی انس زبیر نے اپنے اپنے سیمی فائنل مقابلے جیت کر یو ایس اوپن 2022 کے فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔عالمی نمبر ایک سویاتیک نے آرتھر ایشے اسٹیڈیم میں دو گھنٹے اور11 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں چھٹی سیڈ سبالینکا کو 3-6، 6-1، 6-4 سے ہرا کر شاندار واپسی کی۔سویاتیک نے میچ کے بعد کہا میں نے پہلے سیٹ اور آخری دو سیٹوں کے درمیان بہت فرق محسوس کیا۔ میں بہت خوش ہوں کہ میں نے اپنی توانائی کی سطح کو تھوڑا سا بڑھایا۔انہوں نے کہا ارینہ نے یقینی طور پر آج اسے مشکل بنا دیا۔ مجھے ایسا لگا کہ وہ بہت ٹھوس کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ تیسرے سیٹ میں واپسی مشکل تھی لیکن مجھے بہت خوشی ہے کہ میں یہ کر سکی۔سویاتیک اس سیزن سے پہلے کبھی یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل تک نہیں پہنچی تھیں لیکن اب وہ اپنے کیرئیر کے تیسرے اور اس سال کے دوسرے گرانڈ سلام فائنل میں ہیں۔ گرانڈ سلام فائنل میں سویاتیک کا ریکارڈ 2-0 ہے ۔ وہ پیرس کی کلے کورٹپر2020 اور2022 میں فرنچ اوپن جیت چکی ہیں۔سال کے آخری گرانڈ سلام کے فائنل میں سویاتیک کا مقابلہ پانچویں سیڈ انس زبیر سے ہوگا، جو یکطرفہ سیمی فائنل میں فرانس کی کیرولین گارسیا کو 6-1، 6-3 سے شکست دے کر آرہی ہیں۔ پولینڈ کے سویاتیک اس سیزن میں50 جیت کے ساتھ2022 میں سب سے زیادہ کامیاب کھلاڑی ہیں، جب کہ44 میچ جیتنے والی زبیر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ زبیر نے تاہم گزشتہ دو سال میں92 میچوں کے ساتھ سب سے زیادہ میچ جیتے ہیں۔سویاتیک اور زبیر اب تک چار بار آمنے سامنے آ چکی ہیں اور دونوں نے دو دو میچ جیتے ہیں۔ رواں سیزن میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے گئے واحد میچ میں سویاتیک نے زبیرکو 6-2، 6-2 سے شکست دی تھی۔