اگرتلہ : تریپورہ ہائی کورٹ نے ریاستی محکمہ داخلہ کے سکریٹری کو ایف آئی آر کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرنے کے لئے اعلیٰ پولیس افسران، ضلع سپرنٹنڈنٹ، انسپکٹر جنرل (امن و قانون) اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی میٹنگ بلانے کی ہدایت دی ہے ۔جسٹس سبھاشیش تلاپترا نے گومتی ضلع کے ادے پور کے رہنے والے سبھاش پال کی طرف سے دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ پولیس کسی ایف آئی آر کو رد نہ کرے ۔ سبھاش نے عرضی میں بتایا کہ سپاہیجلا ضلع میں کچھ شرپسندوں کے ان پر حملہ کرنے کے بعد جب وہ ایف آئی آر درج کرنے مادھو پور تھانے پہنچے تو پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا۔ درخواست گزار نے کہا کہ اس کیس کی تفتیش میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور شرپسند آزاد گھوم رہے ہیں۔