سپریم کورٹ کے پانچ نئے ججس نے عہدے کا حلف لیا

   

نئی دہلی۔ 2 جون (یواین آئی) سپریم کورٹ میں مقرر کیے گئے پانچ نئے ججوں نے آج عہدہ کا حلف لے لیا۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد بڑھ کر 37 ہو گئی ہے ۔ چیف جسٹس سوریہ کانت نے سپریم کورٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں جسٹس شیل ناگو، جسٹس شری چندر شیکھر، جسٹس سنجیو سچدیوا اور جسٹس ارون پلی کے ساتھ ساتھ سینئر ایڈوکیٹ وی موہنا کو جج کے عہدے کا حلف دلایا۔ سپریم کورٹ کولیجیم کی جانب سے گزشتہ 22 اور 27 مئی کو ہونے والی میٹنگوں میں کی گئی سفارشات کے بعد مرکزی حکومت نے پیر کو ہی ان تقرریوں کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔ نئے ججوں میں مختلف ہائی کورٹس کے چار موجودہ چیف جسٹس شامل ہیں۔ جسٹس شیل ناگو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے جبکہ جسٹس شری چندر شیکھر بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ۔ جسٹس سنجیو سچدیوا مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے ، وہیں جسٹس ارون پلی جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ۔ سینئر ایڈوکیٹ وی موہنا سپریم کورٹ میں ہی وکالت کر رہی تھیں۔