سکریٹریٹ کی نئی عمارت کے ڈیزائن وتعمیرکو کابینہ کی منظوری

,

   

سرکاری دواخانوں میں کورونا علاج کیلئے تمام سہولتوں کی فراہمی ، عوام خوفزدہ نہ ہوں

حیدرآباد۔ تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے سکریٹریٹ کامپلکس کے ڈیزائن اور تعمیر کو منظوری دی گئی۔ چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ کی زیر صدارت پرگتی بھون میں منعقدہ اجلاس میں ریاست میں کورونا وباء کے اثرات اور اس کے بچاؤ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈھائی گھنٹے طویل اجلاس کے دوران کابینہ نے صحت عامہ نظام کو مستحکم کرنے کیلئے ماہرین، ڈاکٹرس، میڈیکل اینڈپرنسپال سکریٹری، کمشنر اور محکمہ کے دیگر سربراہان کو اس اہم مسئلہ پر تبادلہ خیال کیلئے مدعو کیا۔ میڈیکل عہدیداروں نے ریاست میں کورونا وائرس کی صورتحال کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ملک کے بڑے شہروں میں کورونا وائرس کے اثرات میں کمی کی اطلاعات ہیں۔ حیدرآباد میں بھی مریضوں کی تعداد میں اُتار چڑھاؤ دیکھا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ ریاست میں کورونا سے ہونے والی اموات کی شرح کم ہے جبکہ شفاء یاب ہونے والوں کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے لہذا طبی ماہرین نے کابینہ کو ان تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ عوام کو تشویش میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں۔کابینہ نے اعلان کیا کہ حکومت کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے تیار ہے خواہ ان کی تعداد کتنی ہی کیوں نہ ہو۔ کابینہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ بھاری رقومات خرچ کرتے ہوئے خانگی ہاسپٹلس کا رُخ نہ کریں کیونکہ سرکاری دواخانوں کو تمام سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔ ادویات اور ماہرڈاکٹرس دستیاب ہیں عوام ان خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ سرکاری دواخانوں میں ادویات ، آلات اور دیگر سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت رقم خرچ کرنے کیلئے تیار ہے۔ اس ضمن میں کابینہ نے کئی اہم فیصلے کئے۔ بڑی مقدار میں ادویات، پی پی ای کٹس وغیرہ کی سربراہی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔سرکاری دواخانوں میں عارضی بنیادوں پر عملے کے تقرر کا کلکٹرس کو اختیار دیا گیا ہے۔ ریاست بھر میں 10 ہزار آکسیجن بیڈز کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔کورونا علاج کے ضمن میں بدعنوانیوں میں ملوث خانگی ہاسپٹلس کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ صحت کیلئے مزید 100 کروڑ کی فراہمی، یومیہ 40 ہزار ٹسٹ کرنے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت۔