حیدرآباد۔20۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس قائدین سکندرآباد کے دکن مال میں آتشزدگی واقعہ سے متاثرہ دکانات کا معائنہ کیا۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی اور نائب صدر جی نرنجن نے سکندرآباد میں متاثرہ عمارت کا دورہ کیا اور دکانداروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی لاپرواہی کے نتیجہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجہ میں بھاری نقصانات ہوئے۔ قائدین نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ وزیر بلدی نظم و نسق کی حیثیت سے حیدرآباد کو ترقی دینے میں ناکام رہے ہیں۔ مصروف ترین علاقہ میں آتشزدگی کا واقعہ حکومت کی ناکامی کو ثابت کرتا ہے۔ کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بروقت آگ پر قابو پانے میں ناکامی کے سبب جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمارتوں کی تعمیر کی منظوری کے وقت میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ضروری شرائط کی تکمیل نہیں کی جارہی ہے۔ قواعد کی خلاف ورزی کے ساتھ عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دے دی گئی اور کل کا واقعہ جی ایچ ایم سی کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے ۔ آتشزدگی واقعہ کے نتیجہ میں اطراف و اکناف کے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں ضروری شرائط کی تکمیل کے بغیر تعمیر کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ۔ آتشزدگی واقعہ کے سبب اطراف کی دوسری عمارتوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ وی ہنمنت راؤ اور دوسروں نے متاثرین کو تیقن دیا کہ وہ معاوضہ کے لئے حکومت سے نمائندگی کریں گے۔ر