حیدرآباد ۔15۔ڈسمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں سکھ طبقہ کی جانب سے 9 ویں گرو سری تیج بہادر صاحب جی کے 348 ویں یوم شہادت پر مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ پربندھک کمیٹی گردوارہ گرو سنگھ سبھا سیتاپھل منڈی سکندرآباد کی جانب سے 17 ڈسمبر کو 11 تا 4 بجے دن وشال کیرتن دربار منعقد ہوگا۔ 4.30 بجے جلوس نکالا جائے گا۔ ایس جسویندر سنگھ اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے بتایا کہ وشال کیرتن دربار میونسپل گراؤنڈ چلکل گوڑہ میں منعقد ہوگا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں سکھ اور دیگر طبقات کے افراد شرکت کریں گے۔ مشہور راگی جتھا کی جانب سے گربانی کیرتن پڑھا جائے گا ۔ ملک کے مختلف علاقوں سے مذہبی شخصیتوں کو مدعوکیا گیا ہے جو سکھ گرو اور گرو گرنتھ صاحب کی تعلیمات سے واقف کرائیں گے۔ امرتسر اور دیگر مقامات سے مہمان شریک ہوں گے۔ بعد میں گرو کا لنگر پروگرام رہے گا۔ رات میں نگر کیرتن کے تحت مقدس جلوس نکالا جائے گا جو گرو تیج بہادر بھون اور دیگر علاقوں سے گزرکر گردوارہ صاحب پہنچے گا۔ جلوس میں دونوں شہروں کے تمام گردواروں کے مذہبی پرچم شامل رہیں گے۔ تلوار کے کرتب دکھائے جائیں گے۔ جلوس کے دوران کیرتانی جتھے کی جانب سے شبد کیرتن جاری رہے گا۔