سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر ملٹیپل انٹری ویزا

   

کرتارپور ۔ ننکانہ صاحب مقدس مقامات : عمران خان

لاہور 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سکھ برادری کے لئے کرتارپور ۔ ننکانہ صاحب انتہائی مقدس مقامات ہیں۔ تیقن دیا کہ ہندوستان اور دیگر ممالک سے آنے والے سکھ یاتریوں کو ان کی حکومت آمد پر مرتبہ داخلہ کے ویزا جاری کرے گی۔ خان نے کہاکہ پاکستان میں سکھوں کے ان مقدس مقامات پر حاضری کے سفر کے دوران ان کی حکومت کی طرف سے تمام یاتریوں کو ممکنہ بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے گورنر ہاؤز میں سکھوں کے بین الاقوامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’مَیں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ’ملٹیپل انٹری ویزا‘ دیئے جائیں گے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم ایرپورٹ آمد پر ہی آپ کو ویزا جاری کردیں گے۔ گرونانک دیو جی کے 550 ویں یوم پیدائش تقاریب 12 نومبر سے یہاں منائے جائیں گے جن میں حصہ لینے کے لئے آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لئے ویزا اجرائی کا عمل 30 ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ویزا کی اجرائی کا عمل یکم ستمبر سے شروع ہوچکا ہے۔ سامع ٹی وی نے خان کے حوالے سے کہاکہ یہ کوئی مہربانی نہیں کی جارہی ہے بلکہ یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے‘۔

ہند۔پاک کشیدگی کے درمیان سعودی وزیر خارجہ کی آج اسلام آباد آمد
اسلام آباد / جدہ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر پر ہند و پاک میں تازہ ترین کشیدگی کے درمیان سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیراس علاقہ کی صورتحال پر اعلیٰ پاکستانی قیادت سے تبادلہ خیال کیلئے چہارشنبہ کو اسلام آباد پہنچیں گے ، جہاں ایک روزہ قیام کے دوران وہ وزیراعظم عمران خان ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سربراہ افواج جنرل قمر جاوید باجوا سے ملاقات اور اہم امور پر گفت و شنید کریں گے ۔