سیاسی تشدد:تریپورہ میں کانگریس کے پانچ کارکن گرفتار

   

اگرتلہ: تریپورہ میں پولیس نے جمعرات کی صبح حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اپوزیشن کانگریس کے درمیان سیاسی تشدد کے سلسلے میں کانگریس کے پانچ کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے ان لوگوں کو اگرتلہ سے تقریباً 30 کلومیٹر جنوب میں سی پاہی جالا ضلع کے وشال گڑھ کے مختلف مقامات سے آرمس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا۔گزشتہ روز کے تشدد میں پانچ فائر فائٹرز سمیت کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے ۔بی جے پی قائدین کی شکایت کی بنیاد پر گزشتہ روز کم از کم 12 لوگوں کو حراست میں لیا گیا اور ابتدائی تفتیش کے بعد ان میں سے پانچ کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دہشت کا ماحول پیدا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔پولس نے بتایاکہ اسی وقت جمعرات کو فرانزک ماہرین نے وشال گڑھ کے راوتکھلا علاقے میں دو دیسی ساختہ بموں کو ناکارہ بنا دیا۔نائب وزیر اعلی جشنو دیو ورما اور بی جے پی کے ریاستی صدر راجیو بھٹاچاریہ کے علاقے کا دورہ کرنے اور پولیس حکام کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد انڈین کریمنل کوڈ (سی آر پی سی) کی دفعہ 144 صبح کو ہٹا دی گئی۔مبینہ طور پر جھڑپ کے دوران بی جے پی کارکنوں نے تین راؤنڈ گولیاں چلائی تھیں جس کے جواب میں کانگریس کارکنوں نے بدھ کو تین بم پھینکے تھے ۔