ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
مرکزی حکومت کی جانب سے حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کا بل پیش کرنے کی جو تیاری شروع ہوئی ہے اس نے ایک طرح سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کوا یک امتحان میں مبتلاء کردیا ہے ۔ اس مسئلہ پر ہندوستان کی سیاست اچانک کی گرما گئی ہے اور انتہائی تیز رفتار سرگرمیاں رونماء ہو رہی ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے اس بل کی تائید کیلئے درکار عددی طاقت جٹانے کا کام در پردہ کرلیا گیا تھا ۔ کئی جماعتوں نے بی جے پی کے اثر کو قبول کرتے ہوئے اپنے سابقہ معلنہ موقف میں تبدیلی کرلی تھی ۔ کچھ جماعتوں نے موقف میں تبدیلی کا کوئی بہانہ پیش کیا ہے تو کچھ نے کوئی اور بہانہ پیش کیا جا رہا ہے ۔ باخبر ذرائع نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ کچھ جماعتوں نے اس مسئلہ پر اچھی خاصی سودے بازی بھی کرلی ہے اور اس کے اثرات آئندہ دنوں میں دیکھنے میں آسکتے ہیں۔ بی جے پی ملک کی علاقائی جماعتوں کی اسی طرح کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے سیاسی عزائم کو پورا کرنے میں مہارت حاصل کرچلی ہے اور وہ تمام جماعتوں کو ڈرانے ‘ دھمکانے یا پھر انہیں خریدنے سے گریز نہیں کر رہی ہے اور بہرصورت اپنے ایجنڈہ کو آگے بڑھانے میں جٹی ہوئی ہے ۔ علاقائی جماعتیں مستقبل میں ہونے والے مسائل اور دور رس اثرات کو یاتو سمجھنے سے قاصر ہی یا پھر وہ ان سے لا تعلق ہو کر وقتی فائدہ اور راحت کو ترجیح دینے لگی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جو جماعتیں پہلے حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کے بل کی مخالفت کرچکی ہیں اور پارلیمنٹ میں اس کے خلاف ووٹ بھی دیا جاچکا ہے وہ اب اس بل کی تائید و حمایت کا اعلان کر رہی ہیں۔ وہ جماعتیں بھی تائید کرنے والوں میں شامل ہوگئی ہیں جو چند دن قبل تک بھی حکومت کے خلاف احتجاج کا حصہ رہی تھیں اور بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی تھیں۔ وہ بی جے پی پر انتخابی عمل کو یرغمال بنالینے اور ووٹ چوری کرنے کا الزام عائد کرچکی ہیں۔ اسکے باوجود اب وہ بی جے پی حکومت کے اس بل کی تائید کا اعلان کر رہی ہیں اور بڑی سہولت اور آسانی کے ساتھ اپنے موقف میں انہوں نے تبدیلی کرلی ہے ۔
ہندوستان کی سیاست میں یہ ایک اٹل حقیقت سامنے آ رہی ہے کہ علاقائی جماعتیں اپنے حاشیہ کے گرد ہی گھومنے کوترجیح دے رہی ہیں اور وہ ملک کے وسیع تر سیاسی کینوس کو سمجھنے سے قاصر ہیں یا پھر وہ اس کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں ہیں۔ وہ کسی بھی مسئلہ پر جدوجہد کا آغاز تو کرتی ہیں تاہم بعد میں وہ اپنے موقف میں تبدیلی لانے سے گریز نہیں کرتیں۔ ٹاملناڈو کی ڈی ایم نے پہلے پوری شدت کے ساتھ اس بل کی مخالفت کی تھی جب وہ این ڈی اے کا حصہ تھی ۔ کانگریس کی جانب سے ٹاملناڈو میںبی جے پی کو اقتدار کی شراکت داری سے روکنے کیلئے ٹی وی کے حکومت کی تائید کے فیصلے نے ڈی ایم کے کو ایک طرح سے چراغ پا کردیا ہے ۔ اب وہ اس بل کی تائید کا اعلان کرچکی ہے ۔ اسی طرح شرد پوار کی این سی پی بھی اس بل کی شدت سے مخالفت کرچکی ہے اور حکومت کے خلاف ہونے والے احتجاجوں میں شرد پوار کی دختر سپریا سولے سرگرمی سے حصہ لے رہی تھیں۔ اب ان کی پارٹی بھی تائید کیلئے آمادہ ہوگئی ہے ۔ ایسے میں یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ حکومت کے خطرناک عزائم اور ایجنڈہ کے خلاف پوری سنجیدگی اور شدت سے واقعی کوئی نبرد آزما ہے تو وہ کانگریس ہے اور وہ وقتی طور پر ہونے والی ہزیمت ‘ مشکلات اور الجھنوں کی پرواہ کئے بغیر اصولی سیاست کرنے میں سرگرم ہے اور اس کا سہرا قائد اپوزیشن راہول گاندھی کو جاتا ہے ۔ کچھ جماعتیں اس حقیقت کو اچھی طرح سمجھتی ہیں۔
اب جبکہ پارلیمنٹ کا خصوصی سشن اس بل پر غور و خوض کیلئے ہورہا ہے اور تمام جماعتیں اپنے اپنے موقف کا جائزہ لے چکی ہیں یا لے رہی ہیں ایسے میں یہ ضرور کہا جاسکتا ہے کہ یہ بل در اصل تمام جماعتوں کا امتحان ہے ۔ اس بل سے یہ واضح ہوجائے گا کہ بی جے پی کے خلاف مقابلہ در حقیقت کون کرتا ہے اور کس کے دعووں میں سچائی ہے ۔ موجودہ حالات میں اب صرف امید کی جاسکتی ہے کہ انڈیا اتحاد کی حصہ رہ چکی جماعتیں فراست سے کام لیں گی اور اس بل کو لوک سبھا میں شکست دینے کیلئے کمربستہ ہوجائیں گی ۔