الیکشن کمیشن اور بلدیہ سے انتخابی تشہیری مواد اور نشان ہٹانے کا آغاز
حیدرآباد : شہر میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی مہم آج اختتام کو پہنچی اور تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کے آخری لمحات کا بھر پور استعمال کرنے کی کوشش کی گئی اور تمام بلدی حلقہ جات میں سیاسی جماعتوں کے سرکردہ قائدین کی جانب سے روڈ شو‘ انتخابی جلسہ عام کے علاوہ شہریوں سے ملاقاتوں کا پروگرام منعقد کیا گیا ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلہ میںگذشتہ 10 یوم سے جاری انتخابی مہم کے اختتامی مراحل کے دوران تلنگانہ راشٹر سمیتی ‘ بھارتیہ جنتا پارٹی ‘ کانگریس ‘ مجلس کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی جلسہ منعقد کئے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ دونوں شہر وں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاقو ں میں آج شہر کی مرکزی سڑکوں پر اتوار کے باوجود ٹریفک جام دیکھی گئی ۔ شہر حیدرآبادکی سڑکوں پر آج تمام سیاسی جماعتوں کے اہم قائدین روڈ شو میں موجود تھے اور اپنے اپنے حلقہ اثر کو راغب کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ کے علاوہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راماراؤ ‘ کیپٹن این اتم کمار ریڈی ‘ اسد الدین اویسی ‘ جناب مجید اللہ خان فرحت اور دیگر نے آج شہر کے مختلف علاقو ںمیں روڈ شو منعقد کئے اورجلسوں سے خطاب کرتے ہوئے رائے دہندوں سے اپیل کی ۔ انتخابی مہم کے آخری دن شہر حیدرآباد کے تمام حساس علاقوں میں پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا تھا اور بیشتر مقامات پر نیم فوجی دستوں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی تھی جس کے سبب شہر حیدرآباد میں جگہ جگہ پولیس کا بھاری بندوبست نظر آرہا تھا۔