سیرت النبی ؐ کو زندگی کا اسوہ بنانا لازمی

   

محبوب نگر میں سیرت کوئز مقابلہ، انعامات کی تقسیم، علماء کا خطاب
محبوب نگر ۔ 16 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو پڑھنا، سمجھنا اور اس پر عمل کرنا، پھر دوسروں تک آپ کی سیرت کو پہنچانا ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ شعبہ حیی علی الصلوۃ کے زیر اہتمام ’’تقسیم انعامات سیرت کوئز مقابلہ‘‘ پروگرام جو اتوار کے دن مستقر محبوب نگر کے الماس فنکشن ہال میں منعقد ہوا تھا علماء کرام نے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ ’’سیرت کوئز کا عنوان مسلم مثالی طالبِ علم تھا‘‘ ۔ جلسہ میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا احمد عبید الرحمن اطہر ندوی، مولانا مطیع الرحمن مفتاحی، مولانا محبوب الرحمن مشہود، مفتی سید فہیم ندوی، محمد عبدالرحمن صوفی، محمد افسر الماس نے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔ محبوب نگر کے ایک دعوتی ادارے SSSK کے شعبہ حیی علی الصلوۃ کے زیر اہتمام 31 ڈسمبر کو کوئز مقابلہ منعقد ہوا تھا جس میں تقریباً 800 طلباء شریک تھے۔ اس تقریب میں اول، دوم، سوم آنے والے طلباء کو رقمی انعامات سے نوازا گیا جن کی تعداد 35 تھی۔ علماء نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں جبکہ اسکولس اور کالجس کے طلباء دین بیزاری کا شکار ہو رہے ہیں نئے نئے فتنے طلباء کے لئے آزمائش بن رہے ہیں ایسے میں ان طلباء میں دینی رغبت، دینی شوق پیدا کرنے کے لئے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی زندگی کا اسوہ بنانے کو لازمی قرار دیتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانا ہوگا۔ مولانا عبدالناصر مظاہری کی کاوشوں سے ایسے پروگرامس تسلسل کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں۔ نظامت کے فرائض مولانا مطہر عبداللہ اشرفی نے انجام دیئے۔