436 میڈیکل کیمپس کا قیام، چیف سکریٹری سومیش کمار کی ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) بارش اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں وبائی امراض روکنے کیلئے حکومت نے ہیلت مشنری کو متحرک کردیا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے کتہ گوڑم اور دیگر متاثرہ اضلاع کے کلکٹرس اور عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موسمی بیماریوں سے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل اور میڈیکل کیمپس کے قیام کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ راحت اور امدادی کاموں پر توجہ دے رہے ہیں۔ ہر منڈل کیلئے ایک سینئر عہدیدار کو امدادی کاموں کی نگرانی کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ جات صحت، برقی اور صفائی کیلئے علحدہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ محکمہ پنچایت راج نے 4100 صفائی عملے کو مختلف اضلاع سے حاصل کیا ہے جبکہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے 400 صفائی عملے کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں موبائیل ٹائیلٹس قائم کئے گئے اور اشیائے ضروریہ کی تقسیم کا کام جاری ہے۔ چیف سکریٹری کے مطابق سینئر آئی اے ایس عہدیداران رجت کمار سائنی اور وی پی گوتم امدادی کاموں کے نگرانکار مقرر کئے گئے ہیں۔ کتہ گوڑم ضلع میں 436 میڈیکل کیمپس قائم کئے جارہے ہیں اور ابتدائی جانچ میں ڈینگو اور ملیریا کے کیسس منظرعام پر نہیں آئے۔ ہر منڈل میں ملیریا آفیسر کو متعین کیا گیا۔ حاملہ خواتین کو قریبی پرائمری ہیلت سنٹرس منتقل کرتے ہوئے طبی امداد دی جارہی ہے۔ تمام مواضعات میں برقی سربراہی تقریباً بحال ہوچکی ہے۔ ٹیلی کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، سکریٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ راہول بوجا، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضی رضوی، ڈائرکٹر سی سی ایل اے رجت کمار سائنی اور دیگر عہدیداروں نے اس میں شرکت کی۔ر