سیلاب نے گورنر اور چیف منسٹر کو پھر مقابل کردیا

   

بھدرا چلم میں دونوں کا علحدہ دورہ، قائدین میں دوریاں برقرار
حیدرآباد۔/17 جولائی، ( سیاست نیوز) راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کشیدگی اور دوریوں کا آج اس وقت دوبارہ مظاہرہ دیکھنے کو ملا جب گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک ہی ضلع کے دو علحدہ مقامات پر سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔ عام طور پر ریاستی گورنر سیلاب اور دیگر کسی بھی آفات سماوی کی صورت میں متاثرہ علاقوں کے دورہ سے گریز کرتے ہیں لیکن گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن نے حالیہ عرصہ میں عوام سے اپنے رابطہ کو تیز کردیا ہے جس کے نتیجہ میں چیف منسٹر کے ساتھ ان کی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔ آٹھ ماہ کے وقفہ کے بعد کے سی آر نے گزشتہ دنوں راج بھون میں چیف جسٹس تلنگانہ اوجل بھویاں کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی۔ سمجھا جارہا تھا کہ اس موقع پر دونوں قائدین کی خوشگوار ملاقات سے کشیدگی میں کمی ہوگی لیکن سیلاب کی تباہ کاریوں نے پھر ایک بار دونوں کو مقابل کھڑا کردیا۔ دورہ دہلی منسوخ کرتے ہوئے گورنر ٹرین کے ذریعہ بھدراچلم پہنچ گئیں۔ انہوں نے اشوا پورم علاقہ میں کئی گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ دوسری طرف اسی اسمبلی حلقہ میں چیف منسٹر نے بھدراچلم کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا۔ دورہ کے موقع پر گورنر سے پروٹوکول تنازعہ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت وہ سیلاب متاثرین کے مسائل کا جائزہ لینے آئی ہیں اور حکومت کو تفصیلی رپورٹ پیش کریں گی۔ر