سیل فونس کا سرقہ اور سوڈان اسمگلنگ کرنے والی بین الاقوامی ٹولی بے نقاب، 17 افراد بشمول سوڈانی گرفتار

   

حیدرآباد۔/26 اپریل، ( سیاست نیوز) شہر میں سیل فون کا سرقہ کرنے اور سوڈان اسمگلنگ کرنے والی ایک بین الاقوامی سطح کی ٹولی کا سٹی پولیس نے پردہ فاش کردیا۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون اور بنڈلہ گوڑہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس ریاکٹ کاا پردہ فاش کردیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر کے سرینواس ریڈی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا اور بتایا کہ پولیس کی جانب سے کل 17 افراد بشمول 5 سوڈانی شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا جو غیرقانونی طور پر حیدرآباد میں قیام پذیر تھے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 19 سالہ مزمل ساکن تاڑبن، 19 سالہ سید ابرار ساکن جہاں نما، 21 سالہ سید سلیم ساکن سنتوش نگر، 34 سالہ پٹھان ربانی خاں ساکن حافظ بابا نگر، 32 سالہ محمد اطہر ساکن چندرائن گٹہ، 35 سالہ محمد ذاکر ساکن دبیر پورہ، 31 سالہ شیخ اظہر ساکن مغلپورہ، 49 سالہ محمد خواجہ نظام الدین عرف قیصر ساکن مغل پورہ، 32 سالہ سید لائق ساکن سنتوش نگر، 32 سالہ شیخ اظہر معین الدین، 28 سالہ محمد شفیع ساکن سنتوش نگر اور جے ہلمندہ ریڈی ساکن بنجارہ ہلز کے علاوہ 26 سالہ خالد عبدالباقی، 36 سالہ عبداللہ احمد عثمان بابیکر ساکنان مانصاحب ٹینک، 34 سالہ ایمن محمد صالح عبداللہ، 24 سالہ انس صدیق عبدالقادر احمد اور 27 سالہ محمد عبداللہ محمد ساکنان بنجارہ ہلزکو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ مسروقہ سیل فونس کو گرفتار افراد سوڈانی باشندوں کے ذریعہ سمندری راستہ سے سوڈان منتقل کیا جارہا تھا۔ غذائی اجناس و دیگر اشیاء کے ذریعہ سوڈان منتقل کرنے کے بعد انہیں استعمال میں لایا جاتا ہے۔ کمشنر پولیس سرینواس ریڈی نے بتایا کہ اس ٹولی کے قبضہ سے ایک کروڑ 75 لاکھ روپئے مالیتی203 اسمارٹ فونس اور ایک موٹر سائیکل کو ضبط کرلیا گیا۔ پولیس نے اس کارروائی کو انجام دینے والی ساؤتھ زون ٹاسک فورس ٹیم کی ستائش کی۔ع