سیمانچل میں کامیابی پر منتخبہ نمائندوں کا جشن

   

سیلاب متاثرین بے یارو مددگار ، متاثرہ کالونی میں وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا امکان
حیدرآباد۔ بہار انتخابات ختم ہوچکے ہیں اور اب تمام منتخبہ نمائندے شہر واپس ہوچکے ہیں انہیں اپنے اپنے علاقہ میں صفائی کے کاموں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ سیمانچل میں کامیابی کے جشن سے فارغ ہوجائیں تو ہماری جانب بھی ایک نظر کریں کیونکہ ہمارے علاقہ میں اب تک صفائی کے کام مکمل نہیں ہوپائے ہیں اور نہ ہی سیلاب متاثرین کی بازآبادکاری کے عمل کو مکمل کیا گیا ہے۔ الجبیل کالونی کے سیلاب متاثرین نے مقامی منتخبہ نمائندوں کو سیمانچل بہار میں ملنے والی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب الجبیل کالونی پر توجہ دیتے ہوئے علاقہ کی صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں کیونکہ منتخبہ عوامی نمائندوں کی عدم موجودگی کے سبب ان کے علاقہ کی صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور نہ ہی جن علاقوں میں پانی جمع ہوا تھا ان علاقوں سے کیچڑ اور کچہرے کی نکاسی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر میں 4 تا10نومبر خصوصی صفائی مہم چلائی گئی لیکن اس میں بھی الجبیل کالونی کو نظر انداز کیا گیا جس کے سبب فلک نما برج سے گذرنے والوں کو بھی بدبو و تعفن برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔ راہرووں کا کہناہے کہ جب اس علاقہ سے گذرنے پر اتنا بدبو و تعفن پیدا ہورہا ہے تو اس علاقہ میں رہنے والوں کی صورتحال کیا ہوگی ! الجبیل کالونی کے مکینوں نے بتایا کہ ان کے علاقہ میں صفائی کے انتظامات نہ کئے جانے کے سبب وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا خدشہ ہے اور ان خدشات کے ساتھ وہ وزندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ سیلاب کے پانی میں ناقابل استعمال ہونے والی اشیاء جو سڑکوں پر پھینکی گئی ہیں ان میں 25 فیصد تک کا کچہرا اب بھی جوں کا توں برقرار ہے ۔مقامی شہریوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے جہاں تک ممکن ہوسکا صفائی کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے لیکن جی ایچ ایم سی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اب اس علاقہ کی مجموعی صفائی کے ساتھ ساتھ بدبو و تعفن کو دور کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ بتایاجاتا ہے کہ الجبیل کالونی میں جہاں بارش کا پانی داخل ہوا تھا اس علاقہ کے مکینوں کے پاؤں متاثر ہونے لگے ہیں کیونکہ کیچڑ سوکھنے کے باوجود اس کی صفائی عمل میں نہیں لائی گئی اور جو ناکارہ اشیاء گھروں کے باہرہیں انہیں بلدیہ کی جانب سے ہٹانے کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں اب جبکہ منتخبہ نمائندے اپنے انتخابی دورہ سے واپس ہوچکے ہیں انہیں اس علاقہ کی صفائی پر توجہ دینی چاہئے۔