سینئر صحافی رحیم حیدر کا انتقال

   

حیدرآباد : صحافتی و اُردو حلقوں میں یہ خبر دکھ کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ ملنسار و ہردلعزیز سینئر صحافی جناب رحیم حیدر ولد جناب وہاب حیدر کا مختصر علالت کے بعد چہارشنبہ کی صبح بعمر 71 سال اپنی قیامگاہ واقع ملک پیٹ میں انتقال ہوگیا۔ انھوں نے حالیہ عرصے تک سینئر سب ایڈیٹر روزنامہ منصف کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ اپنے طویل صحافتی کریئر میں روزنامہ ’سیاست‘ اور ’رہنمائے دکن‘ کے علاوہ دیگر اخبارات سے بھی وابستہ رہے۔ وہ ہفت روزہ ’مساوات‘ کے ایڈیٹر بھی تھے۔ ان کو اسپورٹس بالخصوص فٹبال سے خاص لگاؤ تھا۔وہ اخبارات کیلئے اسپورٹس کالم تحریر کرتے تھے۔ جناب رحیم حیدر نے دو کتابیں ’تاریخ فٹبال‘ اور ’طب نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے آسان اور مفید نسخے‘ (چار زبانوں اُردو، انگریزی، تلگو، ہندی میں) تصنیف کئے۔ نماز جنازہ بعد عصر مسجد محی الدین النساء میں مرحوم کے بھتیجہ مولانا محمد غوث الدین حسن شرفی نے پڑھائی۔ تدفین قبرستان درگاہ اُجالے شاہ ؒصاحب سعیدآباد میں عمل میں آئی۔ فاتحہ سیوم جمعہ 25 ڈسمبر بعد نماز عصر مسجد محی الدین النساء نیوملک پیٹ میں مقرر ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے 9908224736 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔