سیندھی کی خاطر کورونا کا مریض کاماریڈی ہاسپٹل سے فرار

   

دن بھر تلاشی کے بعد پولیس کو برآمد ، سیندھی پلانے کے بعد کورنٹائن سنٹر کو دوبارہ منتقل
حیدرآباد :۔ سیندھی کی خاطر کورونا کا ایک مریض ہاسپٹل سے فرار ہوگیا ۔ پولیس نے دن بھر اس کو تلاش کرتے ہوئے اس کو بالآخر پکڑ لیا ۔ یہ واقعہ ضلع کاماریڈی کے بانسواڑہ میں پیش آیا ۔ پٹلم منڈل کے تمانگر موضع سے تعلق رکھنے والا 55 سالہ ایک شخص کورونا سے متاثر ہو کر کاماریڈی کے ایریا ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ جو ہاسپٹل سے اچانک فرار ہوگیا ۔ ریگولر چیک کرنے والے ڈاکٹرس اور طبی عملہ نے ہاسپٹل سے لاپتہ ہونے پر پولیس اور بلدی عہدیداروں کو اس کی اطلاع دی جس پر پولیس اور بلدی عہدیدار نے کورونا سے متاثرہ شخص کی تلاش شروع کردی ۔ سنگمیشور کالونی کے واٹر ٹینک کے پاس ایک شخص نیم برہنہ حالت میں پایا گیا ۔ پولیس نے اس شخص کو پکڑلیا اور اس کے ہاسپٹل سے فرار ہونے کی وجہ دریافت کرنے پر اس شخص نے جو وجہ بتائی اس سے پولیس حیرت زدہ رہ گئی ۔ اس شخص نے بتایا کہ وہ سیندھی نوشی کے بغیر نہیں رہ سکتا ۔ ہاسپٹل میں اس کو سیندھی نہیں مل رہی تھی ۔ اس لیے وہ ہاسپٹل سے بھاگ گیا ۔ اس نے بتایا کہ اس کو علاج سے زیادہ سیندھی کی ضرورت ہے وہ تبھی زندہ رہ سکتا ہے ۔ اس شخص نے سیندھی نوشی تک ایمبولنس میں سوار ہونے سے انکار کردیا جس پر پولیس نے اس شخص کو دو لیٹر سیندھی کا انتظام کر کے فراہم کیا ۔ سیندھی پلانے کے بعد اس شخص کو سرکاری کورنٹائن سنٹر کو منتقل کردیا ۔۔