ممبئی: ایشیائی بازاروں سے زبردست حمایت حاصل کرتے ہوئے مقامی سطح پر چوطرفہ خریداری کی وجہ سے آج سینسیکس اور نفٹی میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا۔بی ایس ای کا تیس حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس 443.19 پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر52 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح سے اوپر52265.72 پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 143.35 پوائنٹس بڑھ کر 15556.65 پر آگیا۔بی ایس ای کی چھوٹی اوردرمیانی کمپنیوں میں بڑی کمپنیوں کے مقابلے خریداری کا زورزیادہ رہنے سے شیئربازار کوتقویت ملی ہے ۔ اس دوران مڈ کیپ 1.40 فیصد بڑھ کر 21474.82 پوائنٹس اور اسمال کیپ 1.18 فیصد بڑھ کر 24136.33 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔اس دوران بی ایس ای میں کل 3434 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 2094 میں خریداری جبکہ 1211 میں فروخت ہوئی، وہیں 129 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اسی طرح این ایس ای میں 45 کمپنیوں میں تیزی جبکہ باقی میں گراوٹ کا رجحان رہا۔