سیڑھیاں چڑھنا امراض قلب سے محفوظ رہنے اور خوشگوار موڈ کے لیے مفید

   

نئی تحقیقی رپورٹ اپلائیڈ سائیکالوجی نیوٹریشن اینڈ میٹابالیزم میں شائع
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد کے مشہور ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کی ایک حالیہ رپورٹ نے شہریوں اور خاص کر جو افراد اپنی عمر کے 35 ویں ہندسے کو عبور کرچکے ہیں ان کے لیے تشویش ناک خبر یہ تھی کہ امراض قلب میں اضافہ ہورہا ہے اور 35 برس کی عمر ہوجانے کے بعد حیدرآبادیوں میں امراض قلب کے معاملات میں تشویش ناک اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ لیکن اب ایک خوش خبری عالمی سطح سے موصول ہورہی ہے کہ سیڑھیاں چڑھنے کا چند منٹوں کا عمل امراض قلب سے حفاظت اور دل کی کارکردگی کو مستحکم کرنے میں کلیدی رول ادا کرنے کے علاوہ ہارٹ ٹیک کے خدشات کو 40 فیصد تک کم کردیتا ہے ۔ ماہرین صحت اور ڈاکٹروں کی ایک بڑی جماعت کی حالیہ تحقیق نے یہ ثابت کرنے کے علاوہ حیدرآبادی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سیڑھیاں چڑھنے کے عمل کو اپنی روزانہ کی زندگی کا معمول بنالیں ۔ صحت مند رہنے کے لیے ورزش کو ضروری قرار دیا جاتا ہے لیکن جم جانے کے لیے فارغ وقت اور اس کی فیس ادا کرنے سے جیب پر پڑنے والے زیادہ بوجھ کے برعکس چند منٹ کی سیڑھیاں چڑھنا اور اترنا بالکل مفت آسان اور کہیں بھی کبھی بھی کی اساس پر ممکن ہے ۔ کینڈا کے مائیک ماسٹرس یونیورسٹی کے پروفیسر مارٹن گیمبالا نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ جو دفاتر میں کام کرتے ہیں اور ان کے لیے باضابطہ ورزش کے لیے وقت کا فارغ کرنا ناممکن ہوتا ہے وہ اپنے دفاتر میں سیڑھیاں چڑھنے کے عمل کو لازم کرلیں جس کے لیے صبح ، دوپہر یا شام کسی بھی اوقات میں 5 تا 10 منٹ سیڑھیاں چڑھنے اور اترنے کی ورزش کو معمول بنالیں ۔ جس سے جسم کے تمام اعضاء دل ، پھپیھڑے ، پٹھے مضبوط ہونے کے علاوہ جڑوں کے درد سے راحت بھی ملتی ہے ۔ سیڑھیاں چڑھنے کے عمل سے ہونے والے فوائد کی تفصیلات ’ اپلائیڈ سائیکالوجی نیوٹریشن اینڈ میٹابالیزم ‘ نامی جرید میں شائع ہوئی ہیں ۔ فوائد میں کئی نکات کا احاطہ کیا گیا جس میں ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ سیڑھیاں چڑھنے کا عمل چونکہ جسم کو زمین کی کشش ثقل سے مزاحمت کرتے ہوئے بلند پر اٹھانا ہوتا ہے لہذا اس سے ذہن میں ایک خاص انزائم کا اخراج بھی ہوتا ہے جو کہ موڈ کو خوشگوار رکھنے میں معاون ہوتا ہے ۔ ڈاکٹروں اور محققین کے بموجب سیڑھیاں چڑھنے کا عمل صحت اور امراض قلب کے لیے مفید تو ہے ہی اس کے ساتھ یہ انسان کو خوشگوار موڈ میں رہنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے ۔۔