سی اے اے دراندازی کو قانونی بنارہا ہے:کجریوال

   

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کو کہا کہ غیر قانونی دراندازوں کو ملک میں آنے کا ڈر ہے ، لیکن مرکزی حکومت شہریت سے متعلق ترمیمی قانون (سی اے اے ) کو نافذ کرکے ہندوستان میں ان کے داخلے کو قانونی بنا رہی ہے ۔کجریوال نے آج کہا کہ چہارشنبہ کو انہوں نے ایک پریس کانفرنس کی تاکہ یہ بتایا جاسکے کہ سی اے اے ملک کے لئے کس طرح انتہائی خطرناک ہے اس لئے اسے واپس لیا جانا چاہئے ۔ اس پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنا بیان جاری کیا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے اپنے پورے بیان میں سی اے اے پر اٹھائے گئے سوالات کے بارے میں کسی سوال کا جواب نہیں دیا ہے ۔ مسٹر شاہ نے انہیں بے ایمان اور کرپٹ کہنے کے علاوہ کچھ نہیں کہا۔کجریوال نے کہا کہ آج مرکزی حکومت اور ملک کی تمام ریاستی حکومتیں عوام کے بچوں کو روزگار فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔ مرکزی حکومت پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو ہندوستان میں لا کر آباد کرنا چاہتی ہے ، انہیں روزگار کہاں سے ملے گا؟ ہمارے ملک میں پہلے ہی بہت غریبی ہے ۔ لوگوں کے پاس روزگار اور گھر نہیں ہیں۔ پھر ان ملکوں سے آنے والوں کو کہاں بسایا جائے گا؟وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آزادی کے بعد بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی۔ بہت سے لوگ ہندوستان سے پاکستان اور بنگلہ دیش گئے اور پاکستان اور بنگلہ دیش سے بھی بہت سے لوگ ہندوستان آئے ۔ اب سی اے اے کی وجہ سے جو نقل مکانی ہونے والی ہے وہ آزادی کے دوران ہونے والی نقل مکانی سے کہیں زیادہ تعداد میں ہونے والی ہے ۔