سی بی آئی اور ای ڈی کے خوف سے کے سی آر خاندان کورنٹائن، بی جے پی صدر بنڈی سنجے کا ریمارک

   

حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے ریمارک کیا کہ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے دھاوؤں سے خوفزدہ ہوکر کے سی آر خاندان کورنٹائن ہوچکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ ریاست میں منظر عام پر آنے والے اسکام میں کے سی آر خاندان کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے کہا تھا کہ اگر ان کے فرزند اور دختر غلطی کرتے ہیں تو انہیں جیل بھیجنے میں کوئی جھجھک نہیں ہوگی۔ اب وقت آچکا ہے کہ کے سی آر خاندان کی دھاندلیوں کو منظر عام پر لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کے لکر اسکام میں کے سی آر خاندان کے ملوث ہونے کے الزامات ہیں اور اس سلسلہ میں تحقیقاتی ایجنسیاں سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے دھاوؤں سے خوفزدہ ہوکر کے سی آر خاندان کورنٹائن ہوچکا ہے۔ بی جے پی صدر نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت کی سرپرستی میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا ملک کے خلاف سازش کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے مجلس پر اس تنظیم کی سرپرستی کا الزام عائد کیا۔ر