نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے منگل کو دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی (عاپ) کے لیڈر منیش سسوڈیا کے پنجاب نیشنل بینک کے لاکر کی تلاشی لی۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ جانچ ایجنسی نے نئی ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر بینک کی غازی آباد شاخ کا دورہ کیا۔ تلاشی سے کچھ گھنٹے پہلے سسودیا نے ٹویٹ کیاکہ سی بی آئی ہمارے بینک لاکر کو دیکھنے آ رہی ہے ۔ گزشتہ 19 اگست کو میرے گھر پر 14 گھنٹے کے چھاپوں کے دوران کچھ نہیں ملا۔ سسوڈیا نے دعوی کیا کہ کچھ بھی لاکر میں نہیں ملے گا۔ سی بی آئی میں خوش آمدید۔ میرے اہل خانہ تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے ۔ لاکر میں میری بیوی اور بچوں کے زیورات اور کچھ اور چیزیں ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 19 اگست کو سی بی آئی نے سسوڈیا کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ تفتیشی ایجنسی نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ آیا انہیں اس کے گھر سے کوئی ثبوت ملا ہے ۔