سی بی ایس ای نے دسویں جماعت کے انگریزی مضمون کے سوالیہ پرچے سے متنازعہ سوال کو ہٹایا

   

نئی دہلی: سی بی ایس ای نے دسویں جماعت کے انگریزی مضمون کے سوالیہ پرچے سے متنازعہ سوال کو ہٹا دیا ہے۔ اس سوال کو خواتین مخالف قراردیا جارہا ہے۔سی بی ایس ای بورڈ نے بتایا ہے کہ اس سوال کے لیے تمام طلباء کو پورے نمبر دیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں بورڈ نے اپنی ویب سائٹ پر ایک نوٹس جاری کر دیا ہے۔ سی بی ایس ای نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ دسویں کلاس کے ٹرم فرسٹ کے امتحان دوہزار اکیس کے انگریزی زبان اور ادب کے سوالیہ پیپر کے حصوں کا سیٹ بورڈ کے رہنما خطوط کے مطابق نہیں ہے۔ اس پر موصول ہونے والی فیڈ بیک کی بنیاد پر بورڈ نے معاملہ کو سبجیکٹ ایکسپرٹ کے پاس جائزہ کے لیے بھیجاتھا ۔ ان کی سفارش کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔واضح رہے کانگریس کی جانب سے اس پیسیج اوراس سے متعلق پوچھے گئے سوال پر تنقید کی جارہی تھی۔کانگریس نے اسے خواتین مخالف قراردیا تھا۔سونیا گاندھی نے اس سوال کو لیکر حکومت اورسی بی ایس سی سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔