نریندر مودی حکومت ’مکمل آمریت‘ پر اتر آئی ہے اور غیر معمولی خوف میں مبتلا، کجریوال کا بیان
نئی دہلی۔ 10 اکتوبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیرِ اعلیٰ اروند کجریوال نے ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ (سی جے پی) کے رہنماؤں کو ہوائی جہاز سے ہی حراست میں لیے جانے کی کارروائی پر مرکزی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے اسے ایمرجنسی سے بھی بدتر صورتحال قرار دیا ہے ۔ کجریوال نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ یہ ایمرجنسی سے بھی بدتر ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک میں نریندر مودی کی قیادت میں ’’مکمل آمریت‘‘ کی صورتحال ہے ۔ انہوں نے سی جے پی رہنماؤں کو ان کی پرواز سے براہِ راست حراست میں لیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’’غیرمعمولی خوف‘‘ کو ظاہر کرتا ہے ۔ کجریوال نے انتخابات میں مبینہ ’’ووٹ چوری‘‘ کا الزام بھی عائد کیا اور دعویٰ کیا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اب اپنے مبینہ انتخابی فریب کو بچانے کے لیے جمہوریت کو پوری طرح کچلنے پر آمادہ ہیں۔ انہوں نے وزیرِ اعظم پر جمہوریت کو پامال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اب “گیانیش” کے ساتھ ساتھ مسٹر مودی کو بھی جانا چاہیے ۔ عآپ کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے بھی دہلی پولیس پر سنگین الزامات عائد کیے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی پولیس نے عآپ کے قومی دفتر کو سیل کر دیا ہے ۔ بھاردواج نے پولیس کی اس کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کو احتجاج سے روکنے کے لیے اس طرح کی کارروائی کی جا رہی ہے ۔ بھاردواج نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے قومی صدر اروند کجریوال کے گھر کو دہلی پولیس نے قلعہ میں تبدیل کر دیا ہے ۔ ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ ادھر، دہلی کے سابق نائب وزیرِ اعلیٰ منیش سسوڈیا نے سی جے پی رہنماؤں کو ہوائی جہازکے اندر حراست میں لیے جانے کا ویڈیو ایکس پر شیئر کیا۔ ویڈیو کے ساتھ اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ایک بوکھلائی اور گھبرائی ہوئی حکومت اور کیا کر سکتی ہے ۔ایک بزدل اور ڈرپوک رہنما یہی کر سکتا ہے ۔ انتہائی شرمناک! اس سے قبل سی جے پی نے دعویٰ کیا تھا کہ ممبئی سے دہلی پہنچے اس کے رہنما ابھیجیت دیپکے ، سوربھ داس اور آشوتوش رانکا کو اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جہاز سے اترتے ہی حراست میں لے لیا گیا۔
پارٹی کے مطابق، طیارے کے اترنے کے بعد خاتون پولیس اہلکار اندر پہنچیں اور رہنماؤں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ بات چیت ناکام ہونے پر تینوں کو حراست میں لے لیا گیا۔