سی ڈبلیو سی کی تشکیل نو میں غلام نبی عہدہ سے محروم

,

   

پی چدمبرم ، طارق انور ، رندیپ سرجے والا ، جیتندر سنگھ ریگولر ممبرس
نئی دہلی : کانگریس کے سینئر قائد غلام نبی آزاد جو گاندھی قائدین کی قیادت پر سوال اٹھانے والے مکتوب کی تحریر میں سب سے نمایاں بن کر سامنے آئے ، انہیں جمعہ کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کی تنظیم جدید میں عہدہ سے محروم ہونا پڑا ہے ۔ وہ جنرل سکریٹری تھے ۔ پارٹی کے اعلیٰ فیصلہ ساز ادارہ نے بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے موتی لال ووہرا ، امبیکا سونی اور ملکارجن کھرگے کو بھی آل انڈیا کانگریس کمیٹی جنرل سکریٹریز کی حیثیت سے ہٹادیا ہے ۔ آج کے ردوبدل میں پی چدمبرم ، طارق انور ، رندیپ سرجے والا اور جیتندر سنگھ سی ڈبلیو سی کے ریگو ممبر کے طور پر نامزد کئے گئے ۔ سرجے والا کو راہول گاندھی کا وفادار سمجھا جاتا ہے اور سب سے زیادہ انہیں آج کے ردوبدل میں فائدہ ہوا ۔ وہ کرناٹک کے انچارج جنرل سکریٹری نامزد کئے گئے ہیں ۔ طارق انور کو کیرالا کی ذمہ داری سونپی گئی جہاں آئندہ سال اسمبلی الیکشن ہونے والا ہے ۔