سیاست اور ملت فنڈ سے رشتوں کا دو بہ دو پروگرام، والدین اور سرپرستوں کی شرکت، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد 27 ستمبر (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام رشتوں کا 152 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام آج اتوار ریڈ روز فنکشن ہال میں منعقد ہوا جس میں والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد، مضافاتی علاقوں اور اضلاع سے شرکت کی۔ پروگرام کے ذریعہ انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جاتی ہے کہ والدین کو تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے ایک چھت تلے رشتے فراہم ہوسکیں جس کے لئے والدین سے دو بہ دو ملاقات بھی ہوسکے۔ والدین نے اپنے لڑکے اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس داخل کئے۔ ڈاکٹر ناظم علی نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ مسلم معاشرہ جوکہ دوسروں کے سامنے ایک آئیڈیل (نمونہ) بننے کے بجائے وہ خود شادی بیاہ کے معاملات میں نت نئے مسائل میں مبتلا ہورہا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ جہیز، لین دین اور دیگر رسومات کو مسلم معاشرہ سے دور کیا جائے۔ انھوں نے کہاکہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خاں کے فرزندان جناب اصغر علی خاں اور جناب فخر علی خاں کی یہ کوشش ہے کہ اس پروگرام کو زیادہ سے زیادہ پائیدار بنایا جائے۔ انھوں نے والدین پر زور دیا کہ شادی سے قبل لڑکا اور لڑکی اسلامی تعلیمات، قرآن اور سنت رسول کی روشنی میں ازدواجی زندگی گزارنے کا سلیقہ جو بتایا گیا ہے اس سے واقف کروایا جائے۔ جناب الیاس باشاہ نے کہاکہ معیاری شادیوں سے غلط اثرات معاشرہ پر مرتب ہورہے ہیں اور اسی شادیوں کی انجام دہی جس میں بے جا رسومات، جہیز، لین دین کے بناء آج والدین کو اپنی جائیدادیں فروخت کرنی پڑرہی ہیں۔ جناب صالح بن عبداللہ باحاذق نے والدین اور سرپرستوں کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں پروگرام چل رہا ہے جس کو بہتر اور دوررس نتائج ملت اسلامیہ پر ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ والدین کو چاہئے کہ دو بہ دو پروگرام میں شرکت کے لئے وقت پر پہنچ جائیں تاکہ وہ اطمینان و سکون سے رشتوں کو تلاش کرسکیں۔ شہ نشین پر محمد فاروق اور محمد احمد اور دوسروں موجود تھے۔ پروگرام میں کاؤنٹرس رکھے گئے جس میں میڈیسن، انجینئرنگ، گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ایم بی اے، ایم سی اے، انٹرمیڈیٹ، ایس ایس سی، عالم، حافظ و فاضل، عقدثانی اور ایسے لڑکے لڑکیاں جن کی عمریں حد سے تجاوز کرگئی ہیں ان کے لئے علیحدہ علیحدہ کاؤنٹرس قائم کئے گئے۔ پروگرام میں انجینئرنگ کاؤنٹر کے ذریعہ صرف لڑکوں کے بائیو ڈاٹاس پڑھ کر سنائے گئے اور ساتھ ان کی فوٹو اسکرین پر بتائی گئی۔ انجینئرنگ کاؤنٹرس پر انجینئرنگ لڑکے اور دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع تلنگانہ اور آندھرا کے ساتھ ملک کی دیگر ریاستوں کی بڑی کمپنیوں اور سرکاری ملازم کی حیثیت سے کام کررہے ہیں جن کی ماہانہ یافت اچھی ہے، اس کے علاوہ ایسے لڑکے جو بیرون ممالک امریکہ، کینیڈا، سعودی عرب، دوحہ، قطر، ابوظہبی کے علاوہ دیگر ممالک میں اچھے عہدوں پر فائز ہیں اور ماہانہ یافت اعلیٰ ہے اُن کے بائیو ڈاٹاس پڑھ کر سنائے گئے تاکہ اُسی وقت والدین سے مشاورت کرسکے۔ اس کے ذریعہ بہت سے والدین کو اپنے من پسند رشتے ڈھونڈنے میں مدد ملی۔ اس کے ساتھ کمپیوٹر سیکشن بھی رکھا گیا جس کی مدد سے رشتے تلاش اور آن لائن رجسٹریشن کرنے کی سہولت مل سکے۔ دو بہ دو پروگرام میں فخر علی خان نے مختلف کاؤنٹرس کا جائزہ لیا اور والدین سے بات چیت کی۔ پروگرام کا سیاست کے فیس بُک، اسکیپ، یو ٹیوب اور آغاز سے اختتام تک راست لائیو بتایا گیا جس کے لئے دنیا بھر سے والدین و سرپرستوں نے اس اس دو بہ دو پروگرام کا مشاہدہ کیا۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈی نیٹر پروگرام اور نظام الدین لئیق، احمد علی، شعیب، عمران اور محمد نصراللہ خان نے والدین کی رہبری و رہنمائی کی۔