شادی مبارک و کلیان لکشمی کے استفادہ کنندگان کو عنقریب ایک تولہ سونے کی تقسیم

   

اسپیکر اسمبلی پرساد کمار کا تیقن، وقار آباد کے مومن پیٹ میں مختلف ترقیاتی اسکیمات کا افتتاح

حیدرآباد ۔5۔ڈسمبر (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے وقار آباد اسمبلی حلقہ میں کئی ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا اور عوام کو یقین دلایا کہ بنیادی مسائل کے حل اور حلقہ کی مجموعی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اسپیکر اسمبلی نے اپنے حلقہ انتخاب وقار آباد کے مومن پیٹ منڈل میں 52 لاکھ کے صرفہ سے قائم کردہ 33/11 کے وی سب اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ مومن پیٹ میں کسانوں میں امدادی رقم کے علاوہ کلیان لکشمی کے 66 ، شادی مبارک کے 25 چیکس استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے۔ اسپیکر نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے تحت منظورہ رقومات کے چیک بھی حوالے کئے ۔ پرساد کمار نے چندرائن پلی گاؤں کے آنگن واڑی اور سرکاری اسکول کے طلبہ میں یونیفارمس تقسیم کیا۔ انہوں نے مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اسپیکر اسمبلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسمبلی انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے گئے، ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بھروسہ اور کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے بارے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی 9 ڈسمبر کو اہم اعلانات کریں گے۔ دونوں اسکیمات کے تحت کوئی مستحق کسان امداد سے محروم نہیں رہے گا۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات کے استفادہ کنندگان نے عنقریب ایک تولہ سونے کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں غریب کسانوں کے بجائے دولتمند کسانوں کو امدادی رقم جاری کی گئی۔ ریاست میں پرجا پالنا کے آغاز کے بعد سے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے زرعی شعبہ کی بھلائی کے لئے اقدامات کئے ہیں۔ زرعی شعبہ کیلئے علحدہ کابینی سب کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سفارشات کی بنیاد پر رعیتو بھروسہ کی امدادی رقم جاری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وقار آباد میں نئی صنعتوں کے قیام کے ذریعہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ مرکزی حکومت کی نواس گروہا سولار پراجکٹ اسکیم پر مومن پیٹ میں عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں علاقہ کی سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولتوں پر توجہ نہیں دی گئی۔ آر اینڈ بی اور پنچایت راج محکمہ جات کے ذریعہ سڑکوں کی تعمیر پر 260 کروڑ خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کا عنقریب آغاز ہوگا۔ 1